ضمنی الیکشن میں ٹرن آوٹ ہمیشہ کم ہوتا ہے: چیف الیکشن کمشنر

پنجاب کی تاریخ کا کم ترین ٹرن آوٹ رہا، آج عوام نے الیکشن پرعدم اعتماد ظاہر کردیا، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں ٹرن آٹ ہمیشہ کم ہوتا ہے۔اس انتخاب سے نمبر گیم تبدیل نہیں ہونا تھااسی وجہ سے عوام کی دلچسپی کم رہی۔اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اس انتخاب سے نمبر گیم تبدیل نہیں ہونا تھا جس کی وجہ سے عوام کی دلچسپی کم رہی اس لیے ضمنی الیکشن میں ٹرن آٹ ہمیشہ کم ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کمیشن نے بلاتفریق ایکشن لیا، ڈی آر اوز نے کچھ رپورٹس بھیجی ہیں، کچھ شکایات کا کمیشن نے خود نوٹس لیا جب کہ طلال چوہدری کوطلب کیا ہے۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہرنے کہا تھا کہ ضمنی انتخابات میں ٹرن آوٹ پنجاب کی تاریخ کا کم ترین ٹرن آوٹ رہا، آج عوام نے الیکشن پرعدم اعتماد ظاہر کردیا۔ جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کا صاف شفاف انعقاد کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، ہمارے پاس جو نمبرز ہیں اس حساب سے ہم پنجاب میں لیڈ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم دھاندلی پر نہیں، عوامی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، یہ انتخابات ایک ویک اپ کال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہری پور میں لیول پلیئنگ فیلڈ موجود تھا، وہاں تمام پارٹیوں نے جلسے کیے، جلوس نکالے لیکن پی ٹی آئی نے پنجاب میں الیکشن کا بائیکاٹ کیا کیونکہ وہاں ہمیں جلسے، جلوس اور کیمپین کی اجازت نہیں دی گئی۔