کراچی اور لاہور دو پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلے رہیں گے

اسلام آباد:پاسپورٹس کے حصول میں کئی ماہ کی تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عوام کی سہولت کے لئے ملک کے دو بڑے شہروں میں کم از کم ایک پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہنا تھا کہ لاہور اور کراچی میں کم از کم ایک پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلا رہے گا۔ اس سے شہریوں کو پاسپورٹ آفس کی سہولیات تک رسائی آسان ہو گی۔
آج سات مئی بروز منگل سے جو دو پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلے رہیں گے ان میں لاہور میں ریجنل پاسپورٹ آفس، گارڈن ٹان، لاہوراور دوسرا کراچی کا ریجنل پاسپورٹ آفس، عوامی مرکز شاہراہ فیصل، کراچی ہے جو 24 گھنٹے عوام کی سہولت کے لئے کھلے رہیں گے۔
یا د رہے کہ 29 اپریل کو ڈان نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ملک بھر میں پاسپورٹ کی چھپائی کا عمل ایک بار پھر متاثر ہوگیا ہے، جبکہ دستاویزات کی طباعت کا بیک لاگ ایک بار پھر 2 لاکھ سے تجاوز کرگیا۔دسمبر اور جنوری میں پاسپورٹ کے لیے اپلائی کرنے والوں کو تاحال پاسپورٹ نہیں مل سکے، ذرائع کے مطابق دسمبر اور جنوری میں پاسپورٹ کے حصول کے لیے فارم جمع کرانے والوں کو پاسپورٹ جج آپریشن مکمل ہونے کے بعد دیے جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ حج آپریشن کی وجہ سے پاسپورٹ کا عمل متاثر ہوا ہے، صرف حج پر جانے والے افراد کو اس وقت ترجیح دی جارہی ہے۔ذرائع کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ جدید مشینیں دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے محدود پیمانے پر پاسپورٹ کی چھپائی ہو رہی ہے۔