وزیرداخلہ کا اووربلنگ اوربجلی چوری روکنے کےلئےکریک ڈاؤن تیز کرنے کاحکم


ڈسکوز کی نااہلی اور غفلت کی سزا شہریوں کو دینا قطعا قبول نہیں۔اووربلنگ کے ذریعے شہریوں پر بوجھ ڈالنے والے افسران کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے،محسن نقوی

اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اووربلنگ اوربجلی چوری روکنے کےلئےکریک ڈاؤن تیز کرنے کاحکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ
اووربلنگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہےگی۔ ڈسکوز کی نااہلی اور غفلت کی سزا شہریوں کو دینا قطعا قبول نہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ اووربلنگ کے ذریعے شہریوں پر بوجھ ڈالنے والے افسران کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے کیونکہ بجلی صارفین کو اوور بلنگ میں ریلیف دینا ترجیح ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بجلی چوروں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری میں ملوث سرکاری عملے کے خلاف بھی بلاتفریق ایکشن لیا جائے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ایف آئی اے لاہور زونل آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میںاوور بلنگ اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائی پر پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے گزشتہ دورے کے دوران دی گئی ہدایات پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور سرفراز ورک نے بریفنگ دی۔ڈی جی ایف آئی اے اسحاق جہانگیر ویڈیولنک پر اجلاس میں شریک ہوئے