فلسطین کے حامی مظاہرین پر گاڑی چڑھانے والا فوجی افسر گرفتار

فوجی افسر کو ملٹری پولیس کے حوالے کردیا گیا، واقعے میں 2 افراد جاںبحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے تھے


اسلام آباد:اسلام آباد پولیس نے فلسطین کے حامی مظاہرین پر گاڑی چڑھانے والے فوجی افسر کو گرفتار کر کے ملٹری پولیس کے حوالے کردیا ہے۔فوجی افسر کی گاڑی کے نیچے آکر دو افراد جاں بحق جبکہ چار زخمی ہو گئے تھے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق پولیس نے ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے قانونی کارروائی کے لیے ملٹری پولیس کے حوالے کردیا ہے ۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں رواں ہفتے فلسطین کے حق میں ریلی کے دوران کار کی ٹکر سے دو افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے، اس واقعہ سے متعلق نئی پیش رفت سامنے آئی ہے کہ کارڈرائیور ایک فوجی افسرتھا جسے گرفتار کرکے ملٹری پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس تقی جواد نے بتایا کہ جناح ایونیو پر دو افراد کو کچل کر ہلاک کرنے والے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا اور اس کی شناخت ایک فوجی افسر کے طور پر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ زیر حراست شخص کو ایف آئی آر میں نامزد کرنے کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے ملٹری پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد کے ڈی چوک پر فلسطین کے حامی مظاہرین نے گزشتہ کئی دنوں سے اپنے کیمپ لگائے ہوئے ہیں۔ پیر کے روز ایک تیز رفتار کار چند مظاہرین پر چڑھ گئی، جس سے دو جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے جبکہ گاڑی کا ڈرائیور وقوعہ سے فرار ہو گیا تھا تاہم پولیس نے اسے تھوڑی دیر بعد گرفتار کر لیا تھا۔ جس کی شناخت بعد ازاں ایک فوجی افسر کے طور پر ہوئی ہے۔
مظاہرین نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ حکومت پر زور دیتے رہیں گے کہ وہ فلسطین میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے بارے میں مزید اقدامات کرے۔مظاہرے میں شریک ایک وکیل نے کہا تھا کہ ہم محسوس کرتے ہیں کہ پاکستان کو اس سے کہیں زیادہ کام کرنا چاہیے جو اب تک کرتی رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔