پاکستان نے تاریخ رقم کر دی 22 سال بعد آسڑیلیا کو آسٹریلیا میں شکست ،ویل ڈن پاکستان ،شاباش رضوان
حارث رئوف کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار دیا گیا، انہوں نے سیریز میں 10 وکٹیں حاصل کیں

پرتھ:پاکستان نے پرتھ میں کھیلنے جانے والے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں آسڑیلیا کو 8 وکٹوں کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ون ڈے سیریز 2/1 سے اپنے نام کر لی ہے۔ پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر کینگروز کے خلاف ہوم گرانڈ پر 22 سال بعد ون ڈے سیریز جیت کر نئی تاریخ رقم کردی۔
پرتھ میں کھیلے گئے ایک روزہ سیریز کے آخری میچ میں پاکستانی پیس بیٹری نے کینگروز کی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے، قومی ٹیم نے 31.5 اوورز میں آسٹریلیا کے 9 کھلاڑی 140 رنز پر آٹ کردیے جب کہ ایک کھلاڑی انجری کی وجہ سے دوبارہ بیٹنگ کے لیے میدان میں نہیں اترے
پاکستان نے مطلوبہ ہدف 27 اوورز میں 2 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، قومی ٹیم کی اوپننگ جوڑی نے ایک بار پھر پر اعتماد انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور ٹیم کو 84 رنز کا آغاز فراہم کیا۔
پچھلے میچ میں نصف سنچریاں بنانے والے صائم ایوب نے 42 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ عبداللہ شفیق 37 رنز بناکر آٹ ہوئے۔ کپتان محمد رضوان 30 اور بابراعظم 28 رنز پر ناقابل شکست رہے۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی، آسٹریلیا کی جانب سے سین ایبٹ 30 رنز بناکر نمایاں رہے اور ان کے 6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔آسٹریلیا کی اوپننگ جوڑی اس میچ میں بھی ناکام ثابت ہوئی، جیک فریزر میکگورک صرف 7 رنز بنانے کے بعد آٹ ہوئے اور میتھیو شارٹ نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔کپتان جوش انگلس بھی 7 ہی رنز بناسکے، ایرون ہارڈی نے 12 رنز بنانے میں کامیاب رہے، کوپر کونولی 7 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے، محمد حسنین کی گیند ان کے ہاتھ پر لگی جس سے وہ انجرڈ ہوگئے۔گلین میکسوئل مسلسل تیسرے میچ میں حارث رئوف کا شکار بنے، وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے، آل رانڈر مارکس اسٹونئس بھی 8 رنز ہی بناسکے، ایڈم زمپا نے 13 رنز بنائے۔
قومی ٹیم کی جانب سے نسیم شاہ نے اور شاہین شاہ آفریدی نے 3،3 حارث رئوف نے 2 اور محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستانی ٹیم کی جانب سے گزشتہ میچ کی فاتح سائیڈ برقرار رکھی گئی تھی ، تاہم آسٹریلیا نے ٹیم میں 5 تبدیلیاں کی ہیں، میزبان ٹیم نے کوپر کونولی، مارکس اسٹوئنس، شان ایبٹ، اسپینسر جونسن اور لینس موریس کو موقع دیا ہے۔بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل آسٹریلیا نے اپنے اہم کھلاڑیوں کو آرام دیا ہے جن میں کپتان پیٹ کمنز، اسٹیو اسمتھ ، مارنس لبوشین، مچل اسٹارک، اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دی تھی جب کہ قومی ٹیم نے دوسرے میچ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 9 وکٹوں سے ہرا کر سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی۔آخری ون ڈے میں آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ۔
آسٹریلیا کی جانب سے دونوں وکٹیں لینس موریس نے حاصل کیں۔


