مختلف کٹیگریز کے17 کمرشل پلاٹس اور 15 دکانیں 23.404ارب روپے میں نیلام ہوئیں
اسلام آباد:: کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے زیر اہتمام کمرشل پلاٹس کا 4 روزہ کامیاب نیلام عام اختتام پذیر ہوگیا. 4 روزہ کمرشل پلاٹوں کی نیلامی میں مختلف کٹیگریز کے17 کمرشل پلاٹس اور 15 دکانیں 23.404ارب روپے میں نیلام کئے گئے. نیلامی کے آخری روز بلیو ایریا پارکنگ پلازے کی تیار شدہ 15 دکانیں 1.555 ارب روپے سے زائد میں نیلام کی گئیں.
چیئرمین سی ڈی اے نے نیلامی میں حصہ لینے والے سرمایہ کاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوۓ کہا کہ نیلامی میں کثیر تعداد میں سرمایہ کاروں کی شرکت سی ڈی اے پر ان کے اعتماد کا مظہر ہے. انہوں نے کہا کہ نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم تمام شہریوں بشمول سرمایہ کاری کرنے والوں کو سہولتیں فراہم کرنے پر خرچ کی جائیگی. انہوں نے مزید کہا کہ نیلامی میں حصہ لینے والے سرمایہ کار اور سی ڈی اے شہر کی تعمیر و ترقی میں پارٹنر کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں.انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کی تجاویز کی روشنی میں ادارے میں بہتری لائیں گے.
نیلامی کی نگرانی سی ڈی اے ممبر فنانس کی سربراہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی نے کی جسکے سیکرٹری ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو تھے. نیلامی کے تمام انتظامات اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو ڈائریکٹوریٹ نے کئے. کمیٹی نے نیلام عام کو شفاف اور مقابلے کی فضاء بنانے کے لئے مؤثر انتظامات کئے.کامیاب اور شفاف آکشن کے انعقاد پر چئیرمین سی ڈی نے آکشن کمیٹی کو شاباش دی.
کمرشل پلاٹوں کی 4 روزہ نیلامی میں اسلام آباد کے ڈویلپڈ سیکٹرز سمیت کمرشل مراکز میں مختلف کٹیگریز کے کمرشل پلاٹ سرمایہ کاری کیلئے پیش کئے گئے. نیلامی میں بلیو ایریا، کمرشل مراکز، انڈسٹریل، اپارٹمنٹس سمیت پارک انکلیو کے کمرشل پلاٹس سرمایہ کاری کیلئے پیش کئے گئے. اسی طرح کلاس تھری شاپنگ سینٹرز سمیت بلیو ایریا پارکنگ پلازے کی تیار شدہ دکانیں بھی کے سرمایہ کاری کیلئے پیش کی گئیں.
موصول ہونے والی بولیوں کو مکمل جانچ پڑتال کے بعد سی ڈی اے بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے گا جو بولیوں کو منظور یا مسترد کرنے کا مجاز فورم ہے.
سی ڈی اے، کمرشل پلاٹس کا چار روزہ نیلام عام اختتام پذیر


