ٹرمپ صدارت کے بعد پوپ کے بھی امیدوار ؟

نئے پوپ کے انتخاب کے موقع پر ٹرمپ نے پوپ کے لباس میں اپنی تصویر پوسٹ کرکے تنازع کھڑا دیا
تصویر کسی کے مذہبی مقدسات کی توہین ہے،مخالفین یہ ایک صرف مذاق ہے جسے حس مزاح کے علاوہ اور کچھ نہیں سمجھنا چاہیے،حامیوں کا موقف

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو کسی نہ کسی بہانے خبروں میں رہنے اور خود کو نمایاں کرنے کے چکر میں رہتے ہیں۔حال ہی میں انہوں نے ذاتی سوشل پلیٹ فارم ٹروتھ پر اپنی ایک ایسی تصویر شیئر کردی جس سے نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے ہی صحافیوں سے مذاق میں کہا تھا کہ وہ اگلا پوپ بننا چاہیں گے جس کے بعد اب یہ تصویر شیئر کی ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی جو تصویر شیئر کی ہے اس میں وہ پوپ کا روایتی لباس پہنے ہوئے ہیں۔تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے پوپ کے لیے مخصوص لمبی ٹوپی بھی پہنی ہوئی ہے اور دائیں ہاتھ کی انگلی فضا میں اٹھائے ہوئے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گلے میں صلیب کا طلائی لاکٹ بھی لٹک رہا ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ دعائیہ تقریب کے لیے تیار ہوئے ہیں۔یہ تصویر مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی ہے اور ایک ایسے وقت شیئر کی گئی جب پوپ فرانسس کی تدفین کے بعد نئے پوپ کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔سوشل میڈیا صارفین نے ڈونلڈ ٹرمپ کی اس حرکت کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تصویر کسی کے مذہبی مقدسات کی توہین کے مترادف ہے۔تاہم ٹرمپ کے حامیوں کا کہنا ہے کہ یہ ایک صرف مذاق ہے جسے حس مزاح کے علاوہ اور کچھ نہیں سمجھنا چاہیے۔واضح رہے کہ پوپ فرانسس 21 اپریل کو انتقال کر گئے تھے اور اب ان کے جانشین کے انتخاب کے لیے کارڈینلز کا اجلاس جاری ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔