ورلڈ پولیس سمٹ کا ایوارڈ پاکستان کے نام

پنجاب کی خاتون پولیس افسر نے ورلڈ پولیس سمٹ کا بین الاقوامی ایوارڈ جیت لیا
عیسیٰ خان کو ’پولیسنگ میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے بہترین استعمال پر دوسری پوزیشن کا حقدار قرار دیا گیا
اے ایس پی انعم شیر خان کو کرمنل انویسٹی گیشن میں شاندار کارکردگی پر ایوارڈ دیا گیا۔ترجمان پنجاب پولیس

اسلام آباد ، لاہور:پنجاب کی پولیس افسر اے ایس پی انعم شیر خان نے ورلڈ پولیس سمٹ کا بین الاقوامی ایوارڈ جیت لیا ہے. ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈز کے لیے 192 ممالک کے پولیس افسران کی مختلف کیٹیگریز میں غیر معمولی کارکردگی زیر غور آئی۔
ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ ورلڈ پولیس سمٹ دنیا بھر میں پولیس لیڈرز کے حوالے سے سب سے بڑی، موثر اور پروفیشنل تنظیم ہے، دنیا بھر سے ہر سال اپنے اپنے شعبوں میں تعمیر وترقی، قائدانہ کردار کے مالک پولیس افسران کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایوارڈز کمیٹی نے سخت ترین اسکروٹنی، انٹرویو کے بعد پنجاب پولیس کے 2 افسران کو ایوارڈ ونرز کے طور پر شارٹ لسٹ کیا تھا، ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خان کو ’پولیسنگ میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے بہترین استعمال‘ کیٹیگری میں اعلیٰ کارکردگی پر دوسری پوزیشن کا حقدار قرار دیا گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اے ایس پی انعم شیر خان کو دنیا بھر میں پاکستان اور پنجاب پولیس کا نام روشن کرنے پر مبارکباد دی ہے۔