فیڈریشن کے اندر دھڑے بندی یا اختلاف فیڈریشن کا اندرونی معاملہ ہے انتخابی عمل پاکستان سپورٹس بورڈ کے آئین کے مطابق منعقد کیا جارہا ہے۔ترجمان
اسلام آباد۔(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپورٹس بورڈ کے الیکشن کمیشن نے چیس فیڈریشن آف پاکستان میں سینئر نائب صدر کے عہدے کے لیے انتخاب کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان پی ایس بی کے مطابق، یہ انتخابی عمل پاکستان سپورٹس بورڈ کے 2022 کے آئین، قومی سپورٹس پالیسی 2005، سپورٹس الیکشن ریگولیشنز 2024 اور چیس فیڈریشن آف پاکستان کے اپنے آئین کے مطابق منعقد کیا جائے گا۔
پی ایس بی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 26 جون 2025 تک صوبائی ایسوسی ایشنز، وابستہ ادارے اور متعلقہ تنظیمیں اپنے ووٹرز اور امیدواروں کی نامزدگیاں الیکشن کمیشن کو جمع کروا سکیں گی۔ 27 جون کو جمع شدہ کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد عبوری ووٹر لسٹ اور امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی۔ اس پر اعتراضات جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 جون مقرر کی گئی ہے، جبکہ 2 جولائی کو ان اعتراضات پر فیصلے کے بعد حتمی ووٹر لسٹ اور امیدواروں کی تصدیق شدہ فہرست جاری کی جائے گی۔
شیڈول کے مطابق انتخابی عمل کا اہم ترین مرحلہ پولنگ 7 جولائی 2025 کو صبح 11 بجے پاکستان سپورٹس بورڈ کے کمیٹی روم اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس کے فوراً بعد نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ تمام کاغذات، ووٹر لسٹیں اور اعتراضات براہ راست "الیکشن کمیشن، پاکستان سپورٹس بورڈ، اسلام آباد” کے پتے پر جمع کروائے جائیں۔
الیکشن کمیشن کی سربراہی وسیم ماجد ملک کر رہے ہیں، جبکہ بابر سہیل اور ذوہیب حسن گوندل بطور ممبران خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل شفاف، منصفانہ اور آئینی دائرہ کار میں مکمل کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔
دوسری طرف چیس فیڈریشن کی نشست پر الیکشن کے حوالے سے سوالات سامنے آنے کی ترجمان پاکستان سپورٹس بورڈ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ
"پاکستان سپورٹس بورڈ نے 2022میں چیس فیڈریشن آف پاکستان کے جو الیکشن آبروز (observe)کیے تھے ان میں حنیف قریشی چیس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر اورعمر خان سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے تھے۔چیس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل عمر خان کی جانب سے چیس فیڈریشن کے نائب صدر کی سیٹ خالی ہونے پر الیکشن کرانے کی ریکوزیشن پاکستان سپورٹس بورڈ کو موصول ہوئی جس پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے الیکشن کمیشن نے ایک سیٹ پر الیکشن کا شیڈول جاری کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق چیس فیڈریشن کے اندر دھڑے بندی یا اختلاف فیڈریشن کا اندرونی معاملہ ہے۔ یہ انتخابی عمل پاکستان سپورٹس بورڈ کے 2022 کے آئین، قومی سپورٹس پالیسی 2005، سپورٹس الیکشن ریگولیشنز 2024 اور چیس فیڈریشن آف پاکستان کے اپنے آئین کے مطابق منعقد کیا جارہا ہے۔

