اسلام آباد(سٹی رپورٹر)ترنول پریس کلب اسلام آباد راولپنڈی کے تھانہ نیو ٹاؤن میں صدر راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) طارق ورک اور کرائم رپورٹر نعیم منہاس پر پولیس کے بہیمانہ تشدد، بدتمیزی، اور غیر قانونی حراست کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
کرائم رپورٹر نعیم منہاس پر بے بنیاد ایف آئی آر کے اندراج پر جب صدر آر آئی یو جے طارق ورک صحافی کے مؤقف کی حمایت اور معلومات لینے تھانہ نیو ٹاؤن پہنچے تو پولیس نے صحافت دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے نہ صرف انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ غلیظ زبان اور گالم گلوچ کے ذریعے ان کی تذلیل کی، اور غیر قانونی طور پر حوالات میں بند کر دیا۔یہ واقعہ نہ صرف آزادی صحافت پر حملہ ہے بلکہ قانون کی کھلی خلاف ورزی اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالی بھی ہے۔ ایس ایچ او نیو ٹاؤن اور متعلقہ اہلکاروں کی یہ غنڈہ گردی فوری اور سخت کارروائی کی متقاضی ہے۔
سیکرٹری اطلاعات ترنول پریس کلب کی جانب سے جاری بیان میںکہا گیا ہے کہ پریس کلب مطالبہ کرتا ہے کہ صدر آر آئی یو جے طارق ورک اور صحافی نعیم منہاس پر تشدد میں ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔تمام ذمہ داران کو معطل کر کے غیر جانبدار انکوائری کی جائے۔آزادی صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
ترنول پریس کلب تمام صحافی برادری سے اپیل کرتا ہے کہ اس واقعے کے خلاف ملک گیر احتجاج کی حمایت کریں، تاکہ کسی بھی ریاستی ادارے کو یہ جرات نہ ہو کہ وہ حق و سچ کی آواز دبانے کی کوشش کرے۔


