موسم سرما کیلئے گیس کا نیا شیڈول جاری،گیس صرف کھانے کے اوقات میں ملے گی
اس شیڈول کے دوران بھی گیس کا پریشر کم یا سپلائی معطل بھی ہو سکتی ہے،سوئی نادرن گیس پائپ لائن

اسلام آباد: سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے موسم سرما کے لیے گیس لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ ایس این جی پی ایل کے مطابق گیس کی مسلسل قلت کے درمیان بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے موسم سرما کا نیا گیس لوڈشیڈنگ شیڈول جاری کیاگیا ہے جس کے مطابق صارفین کو صرف دن کو کھانے کے اوقات میں گیس ملے گی۔
شیڈول کے مطابق صارفین کو صبح ساڑھے 5 بجے سے ساڑھے 8 بجے تک گیس کی فراہمی جاری رہے گی۔ جبکہ دوپہر کو ساڑھے 11 بجے سے ڈیڑھ بجے تک گیس دستیاب ہو گی۔ شام ساڑھے 5 بجے سے رات ساڑھے 8 بجے تک صارفین کو گیس دستیاب ہو گی۔جبکہ رات ساڑھے 8 بجے سے صبح ساڑھے 5 بجے کے درمیان صارفین کو گیس کی سپلائی معطل رہے گی۔
حکام کے مطابق مذکورہ شیڈول کا اطلاق لاہور، اسلام آباد اور ایس این جی پی ایل کے دیگر علاقوں پر ہو گا۔ اس شیڈول کے دوران گیس کا پریشر کم یا سپلائی معطل بھی ہو سکتی ہے۔
اس فیصلے کا مقصد موسم سرما کے دوران شہری اور دیہی علاقوں میں گیس کے محدود ذخائر کو منصفانہ طور پر تقسیم کرنا ہے۔ شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے کھانا پکانے اور دیگر گیس سے متعلق معمولات کو دیئے گے وقت کے مطابق ایڈجسٹ کریں تاکہ کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچا جا سکے۔
کمپنی نے صارفین کو گیس کا استعمال ذمہ داری سے کرنے اور گیس چوری یا غیرقانونی کنکشن کی اطلاع دینے کی بھی اپیل کی ہے۔


