ون ڈے سیریز میں جنوبی افریقہ کے بعد سری لنکا کو بھی شکست ،پاکستان کی مسلسل 5 ویں کامیابی
پاکستان نے تینوں میچوں میں سیکنڈ بیٹنگ کی ، مہمان ٹیم کوپہلے ون ڈے میں 6 دوسرے میں 8 اور تیسرے میں 6 وکٹ سے شکست دی
راولپنڈی (سپورٹس رپورٹر) پاکستان نے راولپنڈی میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں سری لنکا کو چھ وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں کلین سویپ کر دیا ہے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلیگئے سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کا 212 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 45ویں اوور میں بآسانی حاصل کر لیا۔پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے ناقابل شکست 61 رنز اور حسین طلعت نے 42 رنز کی اننگز کھیل پر جیت کی راہ ہموار کی۔اوپنر بلے باز فخر زمان نے سیریز میں ایک اور ففٹی بناتے ہوئے 55 رنز اسکور کیے جب کہ دوسرے میچ میں تاریخی سنچری بنانے والے بابر اعظم 34 رنز بنا کر آٹ ہوئے۔وکٹ کیپر بیٹر حسیب اللہ خان 12 گیندوں کا سامنا کرنے کے باوجود کھاتہ بھی کھول نہ سکے، جب کہ سلمان علی آغا نے صرف 6 رنز پر اکتفا کیا۔
سری لنکا کی جانب سے جیفری وینڈرسے نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مہیش ٹھیکشانہ ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
اس سے قبل، سری لنکا ٹیم پاکستانی بالرز کے سامنے جم کر بیٹنگ نہ کر سکی اور پوری ٹیم 46ویں اوور میں 211 رنز بنا کر آل آٹ ہوگئی۔مڈل آرڈر بیٹر سدھیرا سمارا وکرما نے 48 رنز بنا کر پاکستانی بالرز کے سامنے مزاحمت کرتے دکھائی دیے، کپتان کوسال مینڈس 34 رنز بنا کر آٹ ہوئے، کامل مشارا 29 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے 47 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آٹ کیا، نوجوان اسپنر فیصل اکرم اور فاسٹ بالر حارث رف نے 2، 2 وکٹیں اپنے نام کیں، فہیم اشرف اور کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک شکار کیا۔ محمد وسیم جونیئر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔
یا د رہے کہ پاکستان نے ون ڈے سیریز کے پہلے مقابلے میں مہمان ٹیم کو 6 وکٹوں اور دوسرے ون ڈے میں 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
واضح رہے کہ ون ڈے میچوں میں یہ پاکستان کی مسلسل پانچویں کامیابی ہے ۔قبل ازیں جنوبی افریقہ سے بھی ون ڈے سیریز جیت چکا ہے۔
تیسرا ون ڈے :سری لنکا کو 6 وکٹ سے شکست پاکستان کا سیریز میں کلین سوئپ



