دو روزہ اجلاس میںانسانی ہمدردی کی سرگرمیوں اور باہمی تعاون کے فروغ کاعزم کیا گیا
یہ اجلاس ہلال احمر پاکستان کے اصلاحاتی سفر کا ایک اہم سنگِ میل ہے، چیئرپرسن فرزانہ نائیک
اسلام آباد (نیوزرپورٹر) ہلال احمر پاکستان نے ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں منعقدہ دو روزہ شراکتی اجلاس میں شرکت کی ۔اس اجلاس میں کینیڈین ریڈ کراس، برٹش ریڈ کراس، عراقی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی ،ریڈ کراس سوسائٹی آف چائنہ ،سنگا پور ریڈ کراس ،جاپانی ریڈ کراس ،آسٹریلین ریڈ کراس ،ملائشین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے علاوہانٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز ، انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس اور کارپوریٹ پارٹنرز کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔
پارٹنر شپ اجلاس نو سال بعد منعقد کیا گیا تاکہ شراکت اور تعاون کے نئے راستے تلاش کرتے ہوئے ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط کیا جائے اور پاکستان میں انسانی ہمدردی کی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے دائرہ کار کو وسعت دی جا سکے۔ اجلاس میں انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس کے سربراہِ فرید عبدالقادر ، انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کے سربراہِ کرسٹوف سوٹر، ترکیہ ریڈ کریسنٹ کی نمائندہ بیزا تانر، جرمن ریڈ کراس کے نمائندہ آصف امان، اور نارویجیئن ریڈ کراس کی پاکستان میں موجود ٹیم نے شرکت کی۔ہلال احمر پاکستان کی سینیئر قیادت اور پروگرام ہیڈز بھی اجلاس میں موجود تھے۔پارٹنر شپ اجلاس کے افتتاحی روزہلال احمر پاکستان کے ٹرانسفارمیشن پلان اور اسٹریٹجک پلان پر تفصیلی پریزنٹیشنز پیش کی گئیں جن میں یہ بتایا گیا کہ تنظیم کس طرح اپنے نظام اور عمل کو بہتر بنا رہی ہے تاکہ پاکستان میں انسانی ہمدردی کی خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ ہلال احمر پاکستان تمام صوبائی برانچوں کے ساتھ روابط بڑھاتے ہوئے سسٹم ڈویلپمنٹ ،ایڈووکیسی،یوتھ اینڈ والینٹئیر نیٹ ورک کو وسعت دینے اور ریسورس موبلائزیشن ،شفافیت اور خود احتسابی کو یقینی بنائے گا۔سائیڈ لائن میٹنگ میں کینیڈین ریڈ کراس ،جرمن ریڈ کراس ،ریڈ کراس سوسائٹی آف چائنہ اور عراقی ریڈ کریسنٹ شامل تھیں ۔
نظامت آئی ایف آر سی ایشیا پیسیفک کے ریجنل ڈائریکٹر الیگزینڈر میتھیو نے کی۔
اپنے خیرمقدمی کلمات میں ہلال احمر پاکستان کی چیئرپرسن فرزانہ نائیک نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس ہلال احمر پاکستان کے اصلاحاتی سفر کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نیا جوش اور تعاون مضبوط شراکت داری کے قیام اور پاکستان کی کمزور اور متاثرہ کمیونٹیز کے لیے انسانی ہمدردی کے عمل کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے موجودہ اور نئے شراکت داروں کے ساتھ مزید گہرے تعاون کی امید کا بھی اظہار کیا۔
عراقی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر یاسین احمد عباس نے اجلاس کے انعقاد پرہلال احمر پاکستان کی کاوشوں کو سراہا ۔انٹرنیشنل فیڈریشن اور انٹرنیشنل کمیٹی کے مندوبین کی جانب سے بھی ہلال احمر پاکستان کے اقدامات اور سرگرمیوں کی تعریف کی گئی۔
اس موقع پر ہلال احمر پاکستان کے سیکرٹری محمد عبیداللہ خان نے پاکستان میں بڑھتی ہوئی انسانی ضروریات اور سب سے زیادہ کمزور طبقات تک پہنچنے کے لیے اجتماعی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
دو روزہ اجلاس کا اختتام اس مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا کہ شراکت داری کو مضبوط اور مستحکم کیا جائے، تعاون کی نئی راہیں کھولی جائیں اور پاکستان کو درپیش بدلتے ہوئے انسانی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی طور پر کام جاری رکھا جائےگا


