کمشنرکو برقرار رکھنے کا فیصلہ اس بات کی علامت ہے کہ ممدانی بھی سمجھتے ہیں کہ ہماری عوامی تحفظ کی حکمتِ عملی درست تھی اور اسے مستقبل میں بھی جاری رہنا چاہیے،سابق مئیر
نیویارک:نیویارک سٹی کی پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے منتخب مئیر زوہران ممدانی کی کام جاری رکھنے کی پیشکش قبول کر لی ہے۔ جسے سابق مئیر ایرک ایڈمزنے خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ کمشنر ٹش کو برقرار رکھنے کا فیصلہ اس بات کی علامت ہے کہ منتخب مئیر ممدانی بھی سمجھتے ہیں کہ ہماری عوامی تحفظ کی حکمتِ عملی درست تھی اور اسے مستقبل میں بھی جاری رہنا چاہیے۔
یاد رہے کہ زوہران ممدانی نے اپنی انتخابی مہم کئے دوران واضح کیا تھا کہ اگر وہ مئیر منتخب ہو گئے تو نیویارک سٹی کی موجودہ کمشنر جیسیکا ٹش کو تبدیل نہیں کریں گے بلکہ ان کا پولیس کمشنر کے طور پر تسلسل چاہیں گے،پولیس کمشنر ٹش نے این وائی پی ڈی کو ایک خط میں لکھا، جسے سی این این نے حاصل کیا
پولیس کمشنر جیسیکاٹش نے کہا ہے کہ اس محکمہ کی قیادت کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے اور مجھے فخر ہے کہ میں اپنا کام جاری رکھوں گی۔ کیا میئر منتخب اور میں ہر بات پر اتفاق کرتے ہیں؟ نہیں۔ لیکن ہماری گفتگو سے واضح ہے کہ ہم کئی اہم معاملات پر ایک پیج پر ہیں: عوامی تحفظ کی اہمیت، جرائم میں کمی کو جاری رکھنا، اور محکمے میں نظم و استحکام برقرار رکھنا۔ ہم اس بات پر بھی متفق ہیں کہ آپ شہر کے احترام اور تعاون کے حقدار ہیں۔
نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز کی جانب سے منتخب مئیر زوہران ممدانی کی جانب سے موجودہ پولیس کمشنر جیسیکا ٹش کو برقرار رکھنے کے فیصلے پر ردعمل سامنے آگیا ہے ۔ مئیر ایڈمز کی جانب سے جاری کردہ خصوصی بیان میں کہا گیا ہے کہ جب انہوں نے الیکشن لڑا تھا تو پبلک سیفٹی اور جرائم میں کمی ان کی سب سے بڑی ترجیح تھی، کیونکہ پبلک سیفٹی ہی خوشحال شہر کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ منصب سنبھالنے آئے تو شہر میں جرائم بڑھ رہے تھے اور فائرنگ کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا تھا۔ ابتدا میں ہی ان کی انتظامیہ نے بلو پرنٹ ٹو اینڈ گن وائلنس اور بلو پرنٹ فار کمیونٹی سیفٹی جیسے اہم منصوبے شروع کیے، نیبرہوڈ سیفٹی ٹیمیں بنائیں اور غیر قانونی اسلحے کے خاتمے کے لیے گن وائلنس پریوینشن ٹاسک فورس تشکیل دی اور ان تمام اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ایڈمز کے مطابق، آج ہم مسلسل آٹھ سہ ماہیوں سے شہر بھر میں جرائم میں کمی دیکھ رہے ہیں اور 24 ہزار سے زائد غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر جیسیکا ٹش نے بھی اپنے پیشرووں کی طرح وہی بہترین کارکردگی جاری رکھی ہے اور گذشتہ چار سالوں سے جاری پالیسیوں اور اقدامات پر موثر عملدرآمد کر رہی ہیں۔ انہوں نے سینیٹیشن ڈیپارٹمنٹ میں بھی شاندار خدمات انجام دیں اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں بھی ان کا کام انتہائی قابلِ تعریف ہے۔میئر ایڈمز نے کہا کہ کمشنر ٹش کو برقرار رکھنے کا فیصلہ اس بات کی علامت ہے کہ منتخب مئیر ممدانی بھی سمجھتے ہیں کہ ہماری عوامی تحفظ کی حکمتِ عملی درست تھی اور اسے مستقبل میں بھی جاری رہنا چاہیے۔

