بابر اعظم کی ذمے دارانہ بیٹنگ،کئی ریکارڈ بھی بناڈالے ،نواز شاہین کے 3/3 وکٹ
راولپنڈی (نیوزرپورٹر)بابر اعظم کی ذمے دارانہ بیٹنگ، شاہین اور نواز کی عمدہ بولنگ کے باعث پاکستان نے راولپنڈی میں کھیلے جانے والی تین ملکی سیریز اپنے نام کر لی ہے۔ سیریز کے فائنل میں میزبان پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر فتح حاصل کی، بابر اعظم نے 37 کی میچ وننگ اننگ کھیلی۔ انہوں نے وننگ سٹوک بھی مارا ۔ تفصیلات کے مطابق محمد نواز کی تباہ کن باولنگ کے باعث سری لنکا نے پاکستان کو آسان ہدف دیا، پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لنکن ٹیم 114 رنز پر پویلین لوٹ گئی، نواز اور شاہین نے 3,3 وکٹیں حاصل کیں۔
ٹی 20 ٹرائی سیریز کے فائنل معرکے میں پاکستان نے سری لنکا سے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ اوس پڑنے کی وجہ سے پہلے بالنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، وسیم جونیئر کی جگہ شاہین آفریدی کو شامل کیا گیا ہے جب کہ اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔سری لنکا کے کپتان داسن شناکا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہمیشہ کرکٹ کو انجوائے کیا، یہاں سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے، آج کے میچ میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
دوسری جانب سری لنکا میں سیلاب سے جان کی بازی ہارنے والوں کی یاد میں دونوں ٹیموں نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ واضح رہے فائنل میچ سے قبل ٹرافی کی رونمائی کی گئی، دونوں کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں تھیں۔
پاکستان کے مایہ ناز بیٹر بابر اعظم نے اس ذمہ دارانہ اننگز کے دوران کئی ایک ریکارڈ بھی اپنے نام کئے ۔قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ کیچز لینے والے پاکستانی کرکٹر بن گئے اور زیادہ چھکے لگانے والے بیٹرز کی فہرست میں شاہد آفریدی اور محمد حفیظ سے آگے نکل گئے۔
فائنل میچ میں اچھی فیلڈنگ کے علاوہ بابراعظم نے بیٹنگ میں بھی نمایاں کردار ادا کیا، انھوں نے 34 گیندوں پر 2 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 37 رنز بناکر جیت میں اپنا حصہ ڈالا۔ اس کے ساتھ ہی بابر اعظم پاکستان کے لیے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے ٹاپ تھری بیٹرز میں شامل ہوگئے۔ محمد رضوان 95 چھکوں کے ساتھ اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں، فخر زمان 93 چھکے لگا کر دوسرے، بابر اعظم 77 چھکوں کے ساتھ تیسرے جب کہ محمد حفیظ 76 چھکوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ شاہد آفریدی نے پاکستان کے لیے 99 ٹی ٹونٹی میچز میں 73 چھکے لگا رکھے ہیں۔
بابر اعظم نے ٹی ٹونٹی میں فیلڈنگ میں سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نیا ریکارڈ بنا دیا۔بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف فائنل میں شاندار فیلڈنگ کا مظاہر کرتے ہوئے پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی کیچز لینے کا ریکارڈ بنا دیا۔
ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں اس بار بابراعظم نے بیٹنگ کے بجائے فیلڈنگ میں ریکارڈ بناتے ہوئے اہم سنگ میل عبور کیا، وہ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ کیچز لینے والے پاکستانی کرکٹر بن گئے ہیں۔انھوں نے ٹرائی نیشن فائنل میں تین کیچز پکڑتے ہوئے اپنے کیچز کی تعداد 60 تک پہنچا دی۔وہ اس فارمیٹ اب پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ کیچز تھامنے والے پلیئر بن چکے ہیں، ان سے پیچھے فخر زمان موجود ہیں جو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنلز میں 57 کیچز لینے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ شعیب ملک 50 کیچز کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف فائنل میں انتہائی شاندار فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا جس کی ناقدین نے بھی تعریف کی، ان کے تین کیچز میں بانڈری پر پکڑا گیا ہوا میں ڈائیو لگا کر زبردست کیچ بھی شامل تھا۔



