ای سہولت فرنچائزز کے ذریعے نادرا کی خدمات تک آسان رسائی کے لیے پائلٹ منصوبے کا اجراء

اس پائلٹ منصوبے کا آغاز اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور کراچی میں قائم 18 ای سہولت فرنچائزز سے کیا گیا ہے

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے گمشدہ شناختی کارڈ کے ری پرنٹ اور شناختی کارڈ کی تجدیدکی سہولیات منتخب ای سہولت فرنچائزز پر فراہم کرنے کے لیے ایک پائلٹ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام شناختی خدمات کی فراہمی میں آسانی، رسائی اور شمولیت کو مزید بہتر بنانے کے لیے نادرا کی مجموعی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔
ای سہولت، جو نادرا کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی نادرا ٹیکنالوجیز لمیٹڈ کے زیرِ انتظام ہے، ملک بھر میں 22 ہزار سے زائد فرنچائزز پر مشتمل ایک وسیع نیٹ ورک رکھتی ہے، جن میں سے 9,500 سے زیادہ فرنچائزز فنگر پرنٹ اور کیمرہ پر مشتمل بایومیٹرک سہولیات بھی دستیاب ہیں۔ یہ فرنچائزز عموماً ہر محلے کی کریانہ دکان پر واقع ہیں اور عوامی سہولت کے حوالے سے پہلے بھی مؤثر کردار ادا کر چکی ہیں، جن میں بینکوں میں یوٹیلیٹی بلوں کی ادائیگی کے لیے طویل قطاروں کے خاتمے کی نمایاں مثال شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ فرنچائزز مختلف اقسام کی بایومیٹرک تصدیقی سہولیات بھی فراہم کر رہی ہیں۔
یہ پائلٹ منصوبہ ایک متبادل سروس چینل کے طور پر متعارف کرایا جا رہا ہے، بالخصوص ان شہریوں کے لیے جو ناخواندگی یا اسمارٹ فون کی عدم دستیابی کے باعث پاک آئی ڈی موبائل ایپ استعمال نہیں کر سکتے یا نادرا مراکز دور ہونے کی وجہ سے سفری مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ شناختی خدمات کی شہریوں کے گھروں کے قریب دستیابی سے ان کی سفری مشکلات میں کمی آئے گی اور نادرا مراکز پر رش میں بھی نمایاں کمی متوقع ہے۔
نادرا آرڈیننس 2000 کی دفعہ 9(3) اور نادرا ریگولیشنز 2002 کی دفعہ 8(6)(g) کے تحت اتھارٹی بورڈ کی جانب سے منظور شدہ اس پائلٹ منصوبے کا آغاز اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور کراچی میں قائم 18 ای سہولت فرنچائزز سے کیا گیا ہے۔ پائلٹ مرحلے کے دوران خدمات کے معیار اور نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے ہر مقام پر نادرا کا نامزد افسر موجود ہوگا۔ خدمات نادرا کی مقررہ فیس کے مطابق فراہم کی جائیں گی، جبکہ ای سہولت سروس چارجز کے طور پر اضافی 100 روپے وصول کیے جائیں گے۔
یہ اقدام نادرا کے بتدریج وسعت اختیار کرتے ہوئے سروس ڈیلیوری نظام کا حصہ ہے، جس میں منتخب یونین کونسلز پر خدمات کی فراہمی، نادرا رجسٹریشن سینٹرز میں سیلف سروس کاؤنٹرز، اور شاپنگ مالز، ریلوے اسٹیشنز اور جامعات جیسے زیادہ رش والے مقامات پر سیلف سروس کیوسکس کے پائلٹ منصوبے بھی شامل ہیں۔ اس پائلٹ منصوبے کی کامیاب جانچ کے بعد اس سہولت کو ملک بھر میں بایومیٹرک سہولت رکھنے والی 9,500 سے زائد ای سہولت فرنچائزز تک توسیع دی جائے گی۔
پائلٹ منصوبے میں شامل ای سہولت فرنچائزز کی تفصیلات نادرا کی ویب سائٹ اور نادرا کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دستیاب ہیں۔