عدلیہ اتنی آزاد ہے کہ ایک مجسٹریٹ سپریم کورٹ کو بھی خاطر میں نہیں لاتا،کیپٹن (ر) صفدر

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا ہے کہ عدلیہ ہمیشہ سے آزاد رہی ہے اور اس کو آزاد ہی رہنا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نے پیر کے روز سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کے دوران عدلیہ حکومتی کنٹرول میں چلے جانے کے سوال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس طرح کے حالات جب کسی ریاست میں ہوں تو ریاست چلتی نہیں، عدلیہ ہمیشہ سے آزاد رہی ہے اور اس کو آزاد رہنا چاہیے۔
کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ عدلیہ کسی کے کنٹرول میں نہیں بعض اوقات یہ اپنے بھی کنٹرول میں نہیں ہوتی، اگر عدلیہ کنٹرول میں ہوتی تو سپریم کورٹ نے ایک آرڈر کیا کہ صفدر کے تمام کیسز ایبٹ آباد میں سنے جائیں مگر ایک میجسٹریٹ نے سپریم کورٹ کا حکم نہیں مانا اور میرا مقدمہ مجھے بغیر بتائے مانسہرہ میں اپنی عدالت میں لگا کر مخالفین کو بری کر دیا، اس سے بتائیں کہ عدلیہ کس کے کنٹرول میں ہے، یہ کسی کے کنٹرول میں نہیں، اس میجسٹریٹ کو سپریم کورٹ میں جواب دینا پڑے گا کہ انہوں نے اپنے ہی بڑے ادارے کا حکم نہیں مانا۔