امریکی صدر اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ وہ عالمی طاقت کے صدر میں محلے کے بدمعاش نہیں
پاکستان کی ثالثی دنیا کو تیسری عالمی جنگ سے بچا رہی ہے، حکمرانوں سے لڑنے کا مطلب وطن کاچہرہ نوچنا نہیں
لاہور(نیوزرپورٹر)جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نےکہا ہے پاکستان کی ثالثی دنیا کو تیسری عالمی جنگ سے بچا رہی ہے۔لاہور میں جے یو آئی پنجاب کے زیر اہتمام معروف شاعر سید سلمان گیلانی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں سے لڑنے کا مطلب وطن کاچہرہ نوچنا نہیں، پاکستان کی ثالثی دنیا کو تیسری جنگ سے بچارہی ہے، حکمرانوں کے کہنے پر ہم نے مہنگائی کے خلاف مظاہرے ملتوی کیے ہیں مؤخر نہیں کیے۔انہوں نے امریکی صدر کو تنقید کا نشانہ بناتےہوئے کہا کہ ایک جانب وہ مذکرات کر رہے ہیں تو دوسری طرف دھمکیاں بھی جاری ہیں، امریکی صدر جس طرح بولتا ہے اس طرح تو محلےکا بدمعاش بھی نہیں بولتا، وہ پہلے مذاکرات اورگفتگو کے آداب سیکھیں۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی پالیسیاں ٹھیک کرنی ہیں، فیصلہ سازوں سے سوال ہےکہ ہمارا اقتصادی مستقبل کیاہے؟ نظام حکومت اور اس کی اساس کو ٹھیک کرو۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ابراہیم اکارڈ تباہ ہوگیا اب کوئی بھی ملک اسرائیل کو تسلیم نہیں کرےگا، غزہ کالہو نئے ورلڈ آرڈر کا عنوان بن رہا ہے۔سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعےکا ملبہ پاکستان پر ڈالا گیا، پاک فوج نے اپنے سے 5 گنا بڑی فوج کو شکست دی، پاکستان کی فوج کھڑی ہوئی تو دنیا نے اس کی طرف دیکھنا شروع کردیا۔ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، اللہ کا شکرکہ پاکستان ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا، بھارت نے پاکستان پر حملہ کر کے حماقت کی، پاک فضائیہ نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا، آج پاکستان پوری دنیا کی ضرورت بن گیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا گیا ہے، میرے حلقے میں 38 ارب روپے کے ترقیاتی کام جاری ہیں،2022 سے پاکستان کی تقدیر بدلنا شروع ہوئی، بھارت کو شکست دینےکے بعد پاکستان مزید ترقی کرگیا، بھارت کی شکست کے بعد پاکستان کی عزت اور وقار بلند ہوا، تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا بھارت کا کسی ملک نے ساتھ نہیں دیا۔ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاکستان واحد ملک تھا جس نے ایران پر حملے کی مذمت کی، اسرائیل کا وجود ہماری کتاب میں ہی نہیں ہے، امریکا ایران کو مذاکرات کی میز پر لانا معجزے سےکم نہیں، پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو ہر ملک نے سراہا ہے۔


