بلاول بھٹو زرداری کے تاریخی عوامی اجتماعات نے ثابت کر دیا کہ عوام کا دل صرف پیپلز پارٹی کے ساتھ دھڑکتا ہے
اسلام آباد (نیوزرپورٹر) پیپلز لیبر بیورو سنٹرل پنجاب کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سجاد حسین ساجد نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کلین سویپ کرے گی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور خاتون اول محترمہ آصیفہ بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے طول و عرض میں جو بے مثال انتخابی مہم چلائی، اس کی مثال نہیں ملتی۔ سکردو، گلگت، دیامیر، غذر اور دیگر اضلاع میں ہونے والے تاریخی عوامی اجتماعات نے ثابت کر دیا کہ عوام کا دل صرف پیپلز پارٹی کے ساتھ دھڑکتا ہے۔
سجاد حسین ساجد کا کہنا تھا کہ ن لیگ سمیت کوئی بھی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کے شاندار جلسوں اور عوامی رابطہ مہم کا مقابلہ نہیں کر سکی۔ گلگت بلتستان کے عوام نے اپنے فیصلے کا اظہار کر دیا ہے اور پیپلز پارٹی کی فتح اب نوشتہ دیوار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب "فارم 47” سے کوئی بڑے طرز کی دھاندلی نہ ہوئی تو پیپلز پارٹی کو گلگت بلتستان میں حکومت بنانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ عوام کی امنگوں کا احترام ہی جمہوریت کی اصل روح ہے۔



