ملک خدا بخش پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نئے چیئرمین

وائس چیئرمین انورکمال کی صدارت میں اجلاس،25 اراکین کی شرکت،سمیع خان سرپرست اعلیٰ مقرر

کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (پی پی ڈی اے)کی ایگزیکٹو کمیٹی نے85فیصد کی اکثریت کے ساتھ پی پی ڈی اے کے سینئررہنما ملک خدا بخش کو ایسوسی ایشن کا نیاچیئرمین منتخب کرلیا ہے. تفصیلات کے مطابق پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا، جس میں ایسوسی ایشن کی مستقبل کی قیادت سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
پی پی ڈی اے کے سربراہ عبدالسمیع خان 94سال سے زائد کی عمر ہونے کے سبب ایسوسی ایشن کے معاملات سے غیرفعال ہوچکے تھے جس کی وجہ سے ڈیلرز کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے نیا چیئرمین منتخب کرنے کا فیصلہ کیا گیا . ۔اتوار کوپی پی ڈی اے کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس وائس چیئرمین انورکمال کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں کراچی اور ملک بھر سے (آ ن لائن) 25اراکین شریک ہوئے۔
اراکین نے ملک خدا بخش کو بھاری اکثریت کے ساتھ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا نیا چیئرمین منتخب کیا ایگزیکٹو کمیٹی نے ان کی گزشتہ 50 برس پر محیط بے لوث خدمات اور ایسوسی ایشن کے لیے طویل المدتی وابستگی کو سراہتے ہوئے انہیں اس منصب کے لیے موزوں قرار دیا۔
ایگزیکٹو کمیٹی نے عبدالسمیع خان کی غیر معمولی قیادت، شاندار خدمات اور ایسوسی ایشن کے لیے گراں قدر کردار کے اعتراف میں انہیں پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا سرپرست اعلیٰ مقرر کرنے کی متفقہ منظوری دی۔پی پی ڈی اے کی ایگزیکٹو کمیٹی 30 اراکین پر مشتمل ہے، جن میں سے 25 اراکین نے ملک بھر سے اجلاس میں بذریعہِ بالمشافہ اور زوم شرکت کی۔ ووٹنگ کے دوران 24 اراکین، جن میں وائس چیئرمین اور سینئر وائس چیئرمین بھی شامل تھے، نے ملک خدا بخش کے حق میں ووٹ دے کر انہیں چیئرمین منتخب کیا۔ ایگزیکٹو کمیٹی نے بابر علی چوہدری کو بھی متفقہ طور پر سیکریٹری اطلاعات نامزد کیا، جس کی اجلاس میں موجود تمام 25 اراکین نے بھرپور حمایت کی۔
اجلاس میں عبدالسمیع خان،وسیم قادری اور زاہد انصاری شریک نہیں ہوئے جبکہ اجلاس میں 94سالہ عبدالسمیع خان کی خرابی صحت اور غیرفعال ہونے کے سبب نئے چیئرمین کے انتخاب کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کے اختتام پر ایگزیکٹو کمیٹی نے ملک خدا بخش کو چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن ملک بھر کے پیٹرولیم ڈیلرز کے حقوق، فلاح و بہبود اور مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گی۔