رش والے میٹرو روٹس پر مزید بسیں آگئیں

روٹ نمبر 08،روٹ 09 اور روٹ14 پر گاڑی اب 15کے بجائے 12منٹ بعد دستیاب ہوگی

اسلام آباد(محمد رضوان ملک)حکومت کی جانب سے اسلام آباد کے تین اہم رش والے روٹس پر الیکٹرک بس کے انتظار کے وقت کو کم کر دیا گیا ہے.
کیپٹل ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (سی ایم ٹی اے) نے انتظار کے اوقات کو کم کرنے اور مسافروں کو تیز رفتار پبلک ٹرانسپورٹ خدمات فراہم کرنے کے لیے تین روٹس پر بسوں کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔
سی ایم ٹی اے ذرائع کے مطابق، نظرثانی شدہ بسوں کے اوقات 3 ستمبر 2026 کو لاگو ہوچکے ہیں ، مسافروں کی بڑھتی ہوئی مانگ کے مطابق نظرثانی شدہ شیڈول کے تحت، FR-08B پر بسیں، کھنہ پل اور نیلور کے درمیان چلتی ہیں، اب ہر 12 منٹ پر بس ملے گی جبکہ پہلے یہ وقفہ 15 منٹ‌ کا تھا.
اسی طرح، CMTA نے کھنہ پل اور گولڑہ موڑ کے درمیان چلنے والی FR-09 پر وقفہ 15 منٹ سے کم کر کے 12 منٹ کر دیا ہے۔ اب بہارہ کہو اور منڈی موڑ کے درمیان FR-14 استعمال کرنے والے مسافروں کو بھی ہر 15 منٹ کے بجائے ہر 12 منٹ بعد ایک بس ملے گی۔
تبدیلیوں کا مطلب ہے کہ تینوں روٹس پر مسافروں کو بس چلدی ملے گی اور انتظار کے اوقات کم ہو جائیں گے ۔ سی ایم ٹی اے نے کہا کہ اس نے مسافروں کی سہولت کو بہتر بنانے اور پبلک ٹرانسپورٹ خدمات کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے لیے راستے پر نظر ثانی کی۔