خصوصی عدالت میں ججز کے نہ آنے پر سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت ملتوی کر دی گئی۔
گزشتہ سماعت پر عدالت نے وزارتِ قانون کو وکلاء کا پینل فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی
خصوصی عدالت کے رجسٹرار راؤ عبدالجبار نے یہ کہہ کر کہ پینل ابھی تک فراہم نہیں کیا گیا، سنگین غداری کیس کی آئندہ سماعت 23 جولائی تک ملتوی کر دی۔
گزشتہ سماعت پر عدالت نے پرویز مشرف کی مسلسل غیر حاضری پر ان کا دفاع کا حق ختم کر دیا تھا۔
سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف آئین شکنی سمیت 4 مقدمات ہیں جن میں مختلف عدالتوں نے اُنہیں نہ صرف اشتہاری قرار دیا ہوا ہے بلکہ ان کی جائیداد کی قرقی کے احکامات بھی جاری کر رکھے ہیں۔
پرویز مشرف نے اس شرط پر وطن واپس آنے پر رضامندی ظاہر کی تھی کہ سپریم کورٹ اُن کو تمام مقدمات میں ضمانت دے۔
خصوصی عدالت نے گزشتہ سماعت پر 12 جون کو ملزم پرویز مشرف کے خلاف آئین شکنی کے مقدمے کی سماعت کی تو ملزم کے وکیل نے التواء کی ایک اور درخواست دائر کر دی۔
پرویز مشرف کے وکیل نے اس درخواست میں مؤقف اپنایا کہ بار بار التواء کی درخواست پر اُنہیں شرمندگی ہوتی ہے تاہم ان کے مؤکل زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور وہ ذہنی اورجسمانی طور پر وطن واپس آنے کے قابل نہیں ہیں۔
مقدمے کے وکیل استغاثہ ڈاکٹر طارق حسن نے اس درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے پرویز مشرف کو ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کروانے کا موقع دیا لیکن اُنہوں نے اس پیشکش کا فائدہ نہیں اُٹھایا۔
عدالت نے گزشتہ سماعت پر ملزم کے مقدمے کی التواء کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا، اس کے علاوہ عدالت نے ملزم کے وکیل کی طرف سے بریت کی درخواست کو بھی مسترد کر دیا تھا اور کہا تھا کہ جب ملزم عدالت میں پیش ہی نہیں ہو رہا تو ایسے موقع پر بریت کی درخواست کیسے قابلِ سماعت قرار دی جا سکتی ہے۔


