موجودہ موسم میں ڈینگی کی افرائش کو روکنا انتہائی اہم ہے‘ڈپٹی کمشنر

 

(عبدالصمد خان)

ضلع میں ڈینگی کی مکمل اندازمیں روک تھام کے لئے تمام متعلقہ محکمے اپنی انسدادی کارروائیوں کومزید تیز کردیں‘سلیمان غنی
فیصل آباد…ڈپٹی کمشنرسلیمان غنی نے ہدایت کی ہے کہ ضلع میں ڈینگی کی مکمل اندازمیں روک تھام کے لئے تمام متعلقہ محکمے اپنی انسدادی کارروائیوں کومزید تیز کردیں کیونکہ رواں موسم میں لاروا کی افزائش اور پھیلاؤ کے لئے سازگار ہونے کے باعث ڈینگی وائرس کے خطراک موجود ہیں ۔لہذا اس ضمن میں انتظامات معمولی غفلت یا عدم توجہی کے متحمل نہیں ہو سکتے ۔ انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں انسداد ڈینگی مہم پرعملدرآمد کی پیش رفت کاجائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں ضلع کونسل چوہدری زاہد نذیر‘ ایم ڈی واسا فقیر محمد چوہدری ‘ ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرنل عماد گل ‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر میاں آفتاب احمد ‘ سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر ظفر عباس‘سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی مظفر جاوید اقبال چشتی‘ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات شوکت حیات ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر چوہدری محمد اشرف اور دیگر محکموں افسران نے شرکت کی ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کے لئے تمام محکموں کے ضلعی سربراہان اپنی ذمہ داریوں کو کما حقہ پورا کریں اور کوتاہی کی صورت میں وہ ذمہ دارہونگے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف انسداد ڈینگی کے اقدامات کا برائے راست جائزہ لے رہے ہیں کیونکہ موجودہ موسم میں ڈینگی کی افرائش کو روکنا انتہائی اہم ہے اس سلسلے میں انسدادی اقدامات میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہئے ۔ انہوں نے فیلڈ میں سرونلس کی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع نظروں اوجھل نہ رہیں ۔ اس سلسلے میں قبرستانوں ‘ کباڑ خانوں‘ پودوں کی نرسریوں ‘ برساتی نالوں اور دیگر ذرائع کے علاوہ درختوں کے خلا اور سوراخوں کو اچھے طریقے بند کیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام محکمے اینڈ رائڈ فونز کے ذریعے اپنی سرگرمیوں کو باقاعدگی سے رپورٹ کریں ۔ اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے ضلع کونسل کے افسران و ارکان اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لئے ہرممکن وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔اس سلسلے میں ضروری انسدادی کارروائیوں پر عملدرآمد کی مکمل نگرانی کی جائے گی تاکہ دیہی علاقوں میں بھی اس کی افزائش کے خطرات کو روکاجاسکے ۔