پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے شکایات کونسل اسلام آباد کی سفارش پر تجزیہ کار حفیظ اللہ نیازی پر ایک ماہ کی پابندی عائد کردی۔
پابندی کے دوران حفیظ اللہ نیازی کسی بھی ٹی وی چینل کے کسی پروگرام پروگرام میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
ان پر الزام ہے کہ نجی ٹی وی چینل ‘جیو نیوز’ کے پروگرام ‘رپورٹ کارڈ’ میں 6 جولائی کو حفیظ اللہ نیازی نے سینیٹر اعظم خان سواتی سے متعلق مبینہ طور پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگائے تھے، جو پیمرا کوڈ آف کنڈکٹ 2015 کی خلاف ورزی ہے۔
پیمرا شکایات کونسل نے ‘جیو نیوز’ کو ان الزامات سے متعلق ثبوت فراہم کرنے کے لیے متعدد مواقع فراہم کیے، تاہم چینل اپنے دفاع میں کوئی بھی دستاویزی ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہا۔
پیمرا کی جانب سے تجزیہ کار پر پابندی کے علاوہ جیو نیوز کو سینیٹر پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات نشر کرنے پر 7 روز میں معافی نشر کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے، معافی نشر نہ کرنے کی صورت میں چینل پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پیمرا کی جانب سے اس سے قبل بھی حکومتی شخصیات کے خلاف الزامات لگانے پر کئی میڈیا اداروں پر جرمانے اور تجزیہ کاری پر پابندیاں عائد کی جاچکی ہیں۔




