
واشنگٹن:امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی نے مقبوضہ جموں وکشمیر اور بھارت میں انسانی حقوق کی صورتحال اور مذہبی آزادیوں پر لگائی جانیوالی ضرب پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو سے 90 روزمیں رپورٹ طلب کر لی ہے۔
کمیٹی کے اجلاس میں امریکی ایوا ن نمائندگان کو کمیٹی کی جانب سے محکمہ خارجہ، غیرملکی آپریشنز اور دیگر پروگراموں سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی جس میں مقبوضہ جموں وکشمیر اور بھارت میں انسانی حقوق اور مذہبی آزادیوں کی بگڑتی صورتحال پر کمیٹی نے شدید تشویش ظاہر کی اور شہریت سے متعلق قانون میں مذہب کا خانہ شامل کیے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا۔
کمیٹی اراکین نیامریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بھارت میں انسانی حقوق کی بگڑتی صورتحال پر ایوان کو حکومتی حکمت عملی سے آگاہ کریں جس میں یہ بتایا جائے کہ بھارت لوگوں کو اظہار رائے کی آزادی، جمع ہونے ، مذہبی آزادی اور قانون کی بالادستی سے متعلق کیا اقدامات کر رہا ہے۔امریکی ایوان نمائندگان نے مائیک پومپیو سے کشمیر کی صورتحال پر 90 روز میں رپورٹ پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان کے لیے فنڈنگ کی سفارش بھی کی گئی ہے۔




