عمرہ اور زیارات کے خواہشمندوں کے لئے خوشخبری ،سعودی عرب نے 4 اکتوبر سے عمرہ کی اجازت دے دی

ابتدائی طور پر یہ اجازت صرف سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہوگی،یکم نومبر کے بعد بیرون ملک سے بھی آسکیں گے
جدہ :سعودی عرب نے 4 اکتوبر سے عمرہ اور زیارت کے لئے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو اجازت دے دی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ عمرہ مرحلہ وار بحال کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں شہریوں اور مملکت میں مقیم 6 ہزار افراد کو 4 اکتوبر سے عمرہ ادائیگی کی اجازت ہوگی۔ دوسرا مرحلہ 18 اکتوبر اور تیسرا مرحلہ یکم نومبر سے شروع ہوگا۔بیرون ملک سے معتمرین کو یکم نومبر سے عمرہ کی اجازت ہوگی، اْس وقت روزانہ کی بنیاد پر تعداد 20 ہزار تک بڑھائی جائے گی جبکہ 60 ہزار افراد کو مسجدالحرام میں نماز ادا کرنیکی اجازت ہوگی۔سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ چوتھے مرحلے میں عمرہ، زیارت اور نمازوں کی سو فیصد اجازت ہو گی، یہ اجازت اس وقت دی جائے گی جب متعلقہ حکام وبا کے خطرات ختم ہونے کا فیصلہ کرلیں گے۔ واضع رہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے مارچ میں عمرے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔