وفاقی وزیر نے ہفتہ کی صبح ایک ٹویٹ میں ڈسکہ کے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ پی ٹی آئی کے امیدوار کو ووٹ دیں ، ن لیگ مافیا کی نمائندہ ہے
اسلام آباد(محمد رضوان ملک ) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ کے عوام نے جہاں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر فواد حسین چودھری کی نصیحت پر کان نہیں دھرا وہیں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی نے بھی ان کی نصیحت کو درخور اعتناء نہیں سمجھا ۔سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فواد چودھری نے ہفتہ دس اپریل کی صبح ایک ٹویٹ میں ڈسکہ کے عوام کو نصیحت کی کہ ضمنی انتخابات میںپاکستان تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی کو ووٹ دیں ۔ ان کا کہناتھا کہ ایسی بات نہیں ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے غلطیاں نہیں کی ہیں لیکن مسلم لیگ ن ایک ایسے مافیا کی نمائندگی کرتی ہے جو عوام کے مفاد کے بالکل برعکس ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے طویل دور حکومت نے پاکستان کو کمزور کیا اور آج پاکستان کے مسائل کی بنیادی وجہ مسلم لیگ ن کی پالیسیاں ہیں اس لئے میری عوام سے اپیل ہے کہ وہ آج کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کی بجائے پاکستان تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی کو ووٹ دیں لیکن نہ صرف ڈسکہ کے عوام نے ان کی اس نصیحت پر کان نہیں دھرا بلکہ تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی نے بھی ان کی نصیحت کو در خور اعتناء نہیں سمجھا اور جیو نیو زکے مطابق ان انتخابات میں علی اسجد ملہی نے اپنا ووٹ ہی کاسٹ نہیں کیا۔ ڈسکہ کے ضمنی انتخابات میں رات گئے آنے والے غیر سرکاری اور غیرحتمی نتیجہ کے مطابق حلقہ کے کل 300 پولنگ سٹیشنز میں سے 200 سے زائد پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کی نوشین افتخار کو پاکستان تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی پر 15 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری حاصل تھی اور وہ یہ انتخاب قریبا جیت چکی تھیں اور ڈسکہ کے عوام نے وفاقی وزیر کی نصیحت کے برعکس کیا تھا۔
بشکریہ:نوائے وقت
