
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارس کے بعد انتظامیہ نے ایمرجنسی الرٹ جاری کردیا جبکہ حبیب کالونی کے برساتی نالے میں ڈوب کر 5 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔ریسکیو 1122 کے ترجمان رفاقت چوہدری کا کہنا تھا کہ 5 سالہ بچی برساتی نالے میں گر گئی تھیں اور ایک کلومیٹر تک پانی میں بہہ گئیں تاہم مقامی افراد نے بچی کو نکال لیا۔انہوں نے کہا کہ بچی پانی میں غوطے کھانے کیباعث دم توڑ گئیں جبکہ موقع پر پہنچنے والے ریسکیو عملے نے بچی کی سانسیں بحال کرنے کے لیے سی پی آر کی کوشش کی لیکن مشتعل افراد نے بچی کو ریسکیو عملے کے حوالے کرنے سے انکار کیا اور حملے کی کوشش کی۔واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) کے ترجمان عمر فاروق نے کہا کہ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی اور نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پشاور روڈ لین نمبر 4 میں برساتی نالہ پانی سے بھر گیا اور بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوا، جس کے نتیجے میں مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر کے مختلف علاقوں میں واسا کا عملہ تعینات ہے اور نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ترجمان واسا کے مطابق راولپنڈی میں مجموعی طور پر 28 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، نالہ لئی میں بھی پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہوگئی، کٹاریاں میں پانی کی سطح 6 ،گوالمنڈی میں ساڑھے 8 فٹ، کٹاریاں میں پانی کی سطح سوا گیارہ،گوالمنڈی میں سوا 8 فٹ تک پہنچی ہے۔دوسری جانب چک جلال دین کرسچن کالونی بھی پانی میں ڈوب گئی جہاں علاقہ مکین چھتوں پر چڑھ گے جبکہ انتظامیہ کے عہدیدار غائب ہوگئے ہیں۔




