بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ ، 2 شہری خواتین شہید جبکہ 6افراد زخمی

بھارتی فوج کی پھر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں2خواتین شہید جبکہ 6افراد زخمی ہوگئے۔

بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا سلسلہ رکا نہیں ہے بلکہ وقفے وقفے سے مسلسل جاری ہے۔

آج بھی بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال بھاری مارٹر گولے فائر کیے گئے اور خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آج بھارتی فوج نے وادی لیپا کے نوکوٹ اور قیصر کوٹ گاؤں میں شہریوں کو نشانہ بنایا ، بھارتی بلااشتعال فائرنگ سے 2پاکستانی شہری خواتین شہید، جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔

شہید ہونے والی خواتین میں نوکوٹ گاؤں کی سمیرایونس اورمریم شامل ہیں جبکہ 6زخمیوں میں نوکوٹ کے 5اور قیصر کوٹ کا ایک شہری شامل ہےجن کے نام شکیل، انوربیگ، منیر، ذیشان، رفیق اور نسرین ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق زخمیوں کولیپا آرمی میڈیکل سینٹرمیں طبی امداددی جارہی ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے بھارتی بلا اشتعال فائرنگ و گولہ باری کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔

پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں 4 بھارتی چوکیوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔