لاہور…نورالعارفین
وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈپٹی کمشنر آفس میں پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ بنانے کا فیصلہ، وزیر اعلیٰ پنجاب نے اصولی منظوری دے دی، پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے سربراہ ڈپٹی کمشنر ہوں گے، حتمی منظوری کے لیے سمری شہباز شریف کو ارسال کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ اینڈ ایمپلی منٹیشن ونگ بنانے کا فیصلہ ترقیاتی کاموں کو بروقت مکمل کرنے اور معیاری کام کے حصول کے لیے کیا گیا ہے۔ یہ پروجیکٹ یونٹ سابقہ دور میں ضلعی گورنمنٹ کی سکیموں کی طرز پر کام کرے گا، سسٹم تبدیل ہونے سے ان گوئنگ سکیمیں سی اینڈ ڈبلیو کو چلی گئی ہیں جن پر ترقیاتی کام کی رفتار کافی سست ہو گئی ہے۔ لاہور جیسے شہر میں ترقیاتی کاموں کی اشد ضرورت تھی جس بنا پر ایک پروپوزل بنا کر وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کیا گیا ہے جس میں ضلعی انتظامیہ کے ترقیاتی کاموں کی تفصیلات درج ہیں۔ پی ایم یو ایم پی اے اور ایم این اے کی سکیموں کو بروقت مکمل کرنے کی ذمہ دار ہو گی اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ترجیحی بنیادوں پر کرائے جانے والے کام بھی پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کرے گا۔ پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ نئے ترقیاتی کاموں کے ساتھ انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے بھی کام کرے گا۔ صحت، تعلیم اور کھیلوں کے شعبے میں سہولیات کی فراہمی، عمارتوں کی تزئین وآرائش بھی یہی یونٹ کرے گا۔ گلیوں، سڑکوں کی مرمت، شہر کی خوبصورتی پر بھی کام ہوگا۔ یہ یونٹ ورکس اینڈ سروسز ونگ اور فنانس اینڈ پلاننگ ونگ کی صورت میں کام کرے گا۔ ایڈیشنل پروجیکٹ ڈائریکٹر ورکس، بلڈنگز اور دیگر تکنیکی معاملات سے متعلق سٹاف ہوگا۔ فنانس اینڈ پلانگ ونگ کے معاملات ایڈیشنل پروجیکٹ ڈائریکٹر فنانس اینڈ پلاننگ دیکھیں گے، کام معیاری بنانے کے لیے کنسلٹنٹس کی خدمات بھی لی جائیں گی۔
