
بھارت کی جانب سے پاکستان پر پلوامہ حملے کا بے بنیاد الزام عائد کیے جانے کے بعد دفتر خارجہ میں سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن ممالک کے سفیروں کو بریفنگ دی گئی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن ممالک کے سفیروں سے ملاقات کی۔ جس میں انہوں نے پلوامہ حملے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے جانے والے الزامات پر پاکستان کا موقف پیش کیا۔ سیکرٹری خارجہ نے کہاکہ بھارت کے الزامات سوشل میڈیا پر موجود متنازعہ اور غیر تصدیق شدہ مواد کی بنا پر لگائے گئے ہیں جن کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔تہمینہ جنجوعہ نے سفیروں کو دی گئی بریفنگ میں کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے اور وہ عالمی برادری کی اس جانب سے توجہ ہٹانے کیلئے ایسے ہی ہتھکنڈے استعمال کرتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔




