سی پیک کے تحت سکھی کناری منصوبہ پاکستانی عوام کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا، منصوبے سے ہر سال 3.221 بلین کلوواٹ بجلی پیدا ہوگی

 

اسلام آباد:سکھی کناری منصوبہ پاکستانی عوام کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا، منصوبے سے ہر سال 3.221 بلین کلوواٹ بجلی پیدا ہوگی جو پاکستان میں بجلی کی کمی کے پانچویں حصے کو پورا کرے گی۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین-پاک اقتصادی راہدری کے تحت تعمیر ہونے والے سکھی کناری ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے۔ تکمیل کے بعد یہ منصوبہ پاکستانی عوام کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ چین اور پاکستان کے چار ہزار سے زائد افراد دن رات اس منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے مصروف ہیں۔ اس منصوبے کا شمار چین- پاک اقتصادی راہداری کے اولین منصوبوں میں ہوتا ہے۔ اس منصوبے پر کام کا آغاز اکتیس دسمبر سنہ دوہزار سولہ میں ہوا تھا۔پروجیکٹ کے منیجر دنگ سی وین نے بتایا ہے کہ تقریبا آٹھ سو چینی اہلکار اور تین ہزار آٹھ سو پاکستانی اہلکار اس پرجیکٹ کی تعمیر میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ منصوبے کے ابتدائی دنوں میں بہت سے پاکستانی اہلکاروں کے پاس تعمیر کی مہارت نہیں تھی۔وہ صرف دستی مزدوری کررہے تھے۔لیکن چینی اہلکاروں کی جانب سے دی جانیوالی تربیت کے ذریعے ان میں سے بہت زیادہ پاکستانی اہلکاروں نے تعمیر کی مختلف مہارتیں سیکھی ہیں۔منصوبے کے مطابق سکھی کناری ہائیڈرو پروجیکٹ کی تعمیر اکتیس دسمبر سنہ دو ہزار بائیس تک مکمل ہو جائیگی۔اس پروجیکٹ کی تکمیل کے بعد ہر سال 3.221 بلین کلوواٹ بجلی پیدا ہوگی اور پاکستان میں بجلی کی کمی کے پانچویں حصے کو پورا کرے گی۔ سکھی کناری ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے سینئر کمرشل منیجر بلال خان نے کہا کہ چینی لوگ پاکستان آ کر یہاں بنیادی تنصیبات کو بہتر بنانے اور بجلی کی کمی کو پورا کرنے میں پاکستانی عوام کی مدد کر رہے ہیں۔ ہم بچپن سے چین پاک دوستی کی کہانیاں سنتے آئے ہیں لیکن اب ہم چین پاک دوستی کی عملی مثالیں دیکھ رہے ہیں۔