
اسلام آباد:چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ کشمیر پر پاکستان اور چین کا موقف یکساں ہے اور بھارت کو کسی طور پر بھی خطے کا تھانیدار نہیں بننے دیں گے۔ دونوں ممالک کے مابین ترقیاتی اور اقتصادی شراکت داری ایشیاء کو دنیا میں منفرد مقام فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک خطے کے شاندار مستقبل اور پاک چین دوستی کا مظہر ہے اور حکومت کی جانب سے سی پیک اتھارٹی کے قیام کے فیصلے سے جاری ترقیاتی منصوبوں میں نہ صرف تیزی لائی جائے گی بلکہ ان منصوبوں کے ثمرات سے جلد استفادہ بھی حاصل کیا جائے گا۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تعلقات کے استحکام سے نہ صرف عوام کو ایک کے دوسرے کے قریب آنے کے مواقع میسر ہونگے بلکہ اقتصادی تعاون کو بھی فروغ حاصل ہوگا اور اس کیلئے پارلیمانی تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔ چین کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک دیرینہ اور بے مثال دوست ہے اور چین خطے میں ہر قسم کی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی بھر پور مذمت کرتا ہے۔کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ اور انسانی حقوق کی خلاف وزیوں کو رکوانے کیلئے عالمی براداری کو کردار ادا کرنا چاہیے۔ پاکستان اور چین مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں۔
سی پیک خطے کے شاندار مستقبل اور پاک چین دوستی کا مظہر ہے، چئیرمین سینٹ کی چینی سفیر سے ملاقات میں گفتگو



