
حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی میدان کربلا میں عظیم قربانی کی یاد میں کراچی ،لاہور، اسلام آباد، پشاوراور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شبیہ علم اور ذوالجناح کے جلوس نکالے جا رہے ہیں جبکہ ملک بھر میں مجالس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔آج کی مجالس میں ذاکرین اور علماء میدان کربلا میں پیش آنے والے واقعات بیان کر رہے ہیں اور پیاس کی شدت سے بے چین بچوں کا تذکرہ کیا جارہا ہے۔جلوسوں میں نوحہ اور مرثیہ خوانی کے ساتھ ساتھ عزادار سینہ کوبی اور گریہ زاری کررہے ہیں ۔جلوسوں کے لیے لنگر نیاز اور سبیلوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ مختلف تنظیموں کی جانب سے خصوصی اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں اور خون کے عطیات بھی دئیے جارہے ہیں۔ملک بھر میں جلوسوں کی نگرانی کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ رومز سے بھی جلوسوں کی نگرانی کی جارہی ہے ۔سیکورٹی کے پیش نظر کراچی سمیت ملک مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس ہفتے کی صبح سے بندکردی گئی۔سروس رات دس بجے بحال ہوگی۔ملک کے مختلفشہروں جیسے ملتان، پشاور،گوجرانوالآ ، گجرات، سیالکوٹ، رحیم یار خان، لاڑکانہ، لاہور،حیدرآباد،خیرپور،شکارپور، سکھر اورکوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہوگئی۔کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں 3روز تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہے جبکہ راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو سروس آج اور کل معطل رہے گی۔ادھر ملک بھر میں مجالس اور جلوسوں کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پنجاب میں یوم عاشور پر سیکورٹی کے لیے فوج اور رینجرز سے مدد طلب کی گئی ہے۔




