امریکی قونصلیٹ کی جانب سے کینیڈی، بھٹو ملاقات کی یادگار تصویر جاری

کراچی میں امریکی قونصل خانے نے بدھ کو وینٹیج ویڈنس ڈے کے ہیش ٹیگ کے ساتھ ایک تاریخی تصویر جاری کی ہے، جو کہ 4 اکتوبر 1963 کو امریکی ایوان صدر یعنی وائٹ ہائوس کے اوول آفس میں لی گئی ہے جس کے کیپشن کے آخر میں ’’تاریخی رشتہ‘‘ تحریر ہے۔

56 برس پرانی اس تصویر میں جو اہم شخصیات موجود ہیں ان میں مقتول امریکی صدر جان ایف کینیڈی خوشگوار موڈ میں اس وقت کے پاکستانی وزیرخارجہ ( بعد میں صدر اور وزیراعظم کے عہدوں پر بھی فائز ہوئے)  ذوالفقار علی بھٹو سے ملاقات کررہے ہیں۔

اس تاریخی ملاقات کے موقع پر واشنگٹن میں متعین پاکستان کے سفیر غلام احمد اور پاکستانی سفارتخانے کے فرسٹ سیکریٹری مجاہد علی جعفری بھی موجود ہیں۔

یاد رہے کہ اس ملاقات کے 49  روز بعد 22 نومبر 1963 کو صدر جان ایف کینیڈی کو ڈیلاس، ٹیکساس میں قتل کردیا گیا تھا۔