
اسلام آباد:چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت نیو گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ منصوبے پر کام کا باضابطہ طور پر آغاز کردیاگیا ہے اور اس وقت تعمیراتی کام منظم انداز میں جاری ہے۔ سی پیک اتھارٹی کے حکام کے مطابق گوادر ایئر پورٹ 43 ایکڑ رقبے پر محیط ہے اور مرکزی رن وے 3ہزار 658 میٹر طویل ہے، جدید ٹرمینل کا رقبہ 14ہزار مربع میٹر ہے۔ ایئرپورٹ پر پانی اور بجلی کی فراہمی کے علاوہ مواصلات اور نیوی گیشن سمیت ایئر ٹریفک کنٹرول کے لئے ضروری اور عمومی سہولیات دستیاب ہوں گی۔گوادر میں نیو انٹرنیشنل ایئر پورٹ اپنی تکمیل کے بعد گوادر کے علاقے کو جدید بنانے کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ گوادر شہر کی ترقی کیلئے تزویراتی اہمیت کا حامل ہے اور نقل وحمل کے لئے ایک اہم ڈھانچہ ہے جس سے گوادر کو فائدہ پہنچے گا اور اسے دیگر شہروں کے ساتھ منسلک کرے گا۔




