پیپلز پارٹی کا کراچی میں پی ٹی آئی کے جھنڈوں پر آرمی چیف کی تصاویر کا نوٹس لینے کا مطالبہ

حوس اقتدار میں اندھے ہوکر عمران خان فوج کے ادارے کے ساتھ کھلواڑ کر رہے ہیں ،مرکزی ترجمان پیپلزپارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی نے کراچی میں پی ٹی آئی کے جھنڈوں پر آرمی چیف کی تصاویر پرآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔مرکزی ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ اس اقتدار میں اندھے ہوکر عمران خان فوج کے ادارے کے ساتھ کھلواڑ کر رہے ہیں ، کراچی کی سڑکوں پر تحریک انصاف کے جھنڈے پر آرمی چیف کی تصاویر آویزاں کرنا بھیانک کھیل ہے، فوج کو ایک سیاسی جماعت کے ساتھ نتھی کرنا قومی سلامتی پر کاری وار ہے ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اس حرکت کا نوٹس لیں۔پیر کو اپنے ایک بیان میں پیپلز پارٹی مرکزی ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت فوج کو متنازعہ بنا رہی ہے ، کراچی کی سڑکوں پر تحریک انصاف کے جھنڈے پر آرمی چیف کی تصاویر آویزاں کرنا بھیانک کھیل ہے، قوم کو کیا پیغام دیا جا رہا ہے کہ آرمی چیف یا فوج ایک سیاسی جماعت کے ہیں ؟حکومت الزام اپوزیشن پر لگا رہی ہے اور فوج پر سیاسی حملے خود کر رہی ہے۔ سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ فوج کو ایک سیاسی جماعت کے ساتھ نتھی کرنا قومی سلامتی پر کاری وار ہے ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اس حرکت کا نوٹس لیں ، یہ تاثر کسی صورت پروان نہیں چڑھنا چاہئے کہ فوج ایک سیاسی جماعت کی حامی ہے ، فوج پوری قوم کی فوج ہے، اس کو متنازعہ بنانا ملک کی خدمت نہیں ،سلیکٹڈ وزیراعظم کہتے ہیں کہ فوج میرے ساتھ اور اپوزیشن کے خلاف ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات کے بعد سڑکوں پر آرمی چیف کی تصاویر تحریک انصاف پلیٹ فارم سے آویزاں ہو جاتی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔