بینظیر بھٹو کی برسی پر سیاسی بیروزگاروں کا اکٹھ افسوسناک ہے

لاہور شو فلاپ ہونے کے بعد کرپٹ ایلیٹ نے بینظیر برسی کا سہارا لیاعامر مغل

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) تحریک انصاف پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عامر مغل نے کہا ہے کہ بینظیر کہ برسی پر سیاسی بیروزگاروں کا اکٹھ افسوسناک ہے۔ لاہور کا شو فلاپ ہونے پر کرپٹ ایلیٹ نے برسی کا سہارا لیاہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی برسی پر کرپٹ مافیا نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ یہ سب کرپشن کے متفقہ ایجنڈے پر اکٹھے ہیں۔ کاش مریم بی بی نواز شریف کی ہدایت پر ن لیگ کے خفیہ سیل کی طرف سے ماضی میں بے نظیر بھٹو اور نصرت بھٹو کی کردار کشی پر قوم سے معافی مانگتیں اور نواز دور حکومت میں زرداری پر قائم مقدمات پر قوم کو وضاحت پیش کرتیں۔ بلاول زرداری نواز شریف کو جنرل ضیاالحق کا حقیقی بیٹا کہنے پر وضاحت دیتے۔ اور قوم کو بتاتے کہ مرتضی بھٹو اور بینظیر بھٹو کا حقیقی قاتل کون ہے۔ مولانا فضل الرحمان ماضی میں دونوں جماعتوں کو چور کہتے رہے لیکن آج اقتدار کے لالچ میں اتنے اندھے ہو چکے ہیں کہ اپنی پارٹی کے سینئیر رہنماوں کو کرپشن کے خلاف آواز اٹھانے پر پارٹی سے نکال دیا۔ آج پوری قوم کرپٹ سیاسی بیروزگاروں کے اصلی چہرے پہچان چکی ہے۔