قانون ختم نبوت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہو سکتا: سردار محمد یوسف.

آباد: ختم نبوت قانون پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے علماءو مشائخ کی کور کمیٹی سے خطاب کے دوران کہی۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز وزارت کے کمیٹی روم میں قومی علماءو مشائخ کونسل کی کور کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ختم نبوت کے حوالے سے کسی بھی ایسی حرکت کی روک تھام کی جائے گی جس سے عقیدہ پر کوئی آنچ آتی ہو۔ کونسل کی کور کمیٹی نے ختم نبوت سے متعلقہ بل کی اصل حالت میں بحالی کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں سردار محمد یوسف اور وفاقی وزیر مواصلات حافظ عبد الکریم کی کوششوں کو سراہا ۔ کونسل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی کے خلاف ایسی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گاجس سے عقیدہ ختم نبوت پر زد آتی ہو۔ اجلاس میں اس بات کی بھی تائید کی گئی کہ وزیر اعظم کی جانب سے جو تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اس کی تحقیقات اور سفارشات کو جلد منظر عام پر لایا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔ اجلاس میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ قومی و صوبائی نصاب میں موجود اسلامی تعلیمات کو خارج نہ کیا جائے۔ اجلاس میں طے پایا کہ کوئی بھی فتویٰ جاری کرنے سے پہلے علماءو مشائخ کونسل کی منظوری کو ضروری قرار دیا جانا چاہئے۔ سوشل میڈیا پر فتوے جاری کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروئی کی جائے۔ صوبائی سطح پر بننے والی امن کمیٹیاں جعلی ہیں جن کے سد باب کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات حافظ عبد الکریم، وفاقی سیکرٹری خالد مسعود چوہدری، قاری حنیف جالندھری، مولانا غلام محمد سیالوی، ڈاکٹر یٰسین ظفر، مولانا عبد المالک، علامہ عارف واحدی اور ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور نور سلم شاہ نے شرکت کی۔