میں 41 کا ہوں ، جو بائیڈن کی بدحواسی پر خواتین کی ہنسی نکل گئی

بائیڈن کی مشکلات میں اضافہ ،ان کی بدحواسیوں کے باعثڈیمو کریٹ ڈونرز نے انتخابی مہم کیلئے 90 ملین ڈالر کی فنڈنگ روک دی

واشنگٹن: امریکہ کے موجودہ صدر اور آنے والے انتخابات میں صدارتی امیدوار جو بائیڈن جو اپنی بدحواسیوں کے باعث بھی میڈیا کی زینت بنے رہتے ہیںوہ آئے روز کوئی نہ کوئی ایسا بیان دے دیتے ہیں جو جگ ہنسائی کا باعث بن جاتا ہے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان کا اس طرح کا ایک بیان اس وقت سامنے آیاجب امریکی صدر جوبائیڈن کا مشی گن میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں ابھی اکتالیس سال کا ہوں، مجھے کچھ نہیں ہوا،میں بلکل ٹھیک ہوں۔جو بائیڈن کے اس عجیب دعوے پر خواتین بے اختیار ہنس پڑیں، امریکی صدر نے کہا کہ میں دوسرا سب سے کم عمر ترین شخص تھا جو سینیٹر منتخب ہوا۔
اپنی زندگی کی 81 بہاریں دیکھنے والے امریکی صدر جو بائیڈن کی عمر ملک کے رائے دہندگان کے لئے تشویش اور شرمندگی کا باعث بنی ہوئی ہے۔بائیڈن کا کہنا تھا کہ اس وقت میرا متبادل ویسا نہیں جیسا کہ ہونا چاہیے ہے، مجھے تہذیب اور اخلاقیات کا علم ہے، ہم ایک باعزت ملک ہیں، میں امریکہ کی مزید ترقی کے لیے پہلے سے زیادہ پرامید ہوں۔
اس سے قبل امریکی صدر بائیڈن کی انتخابی مہم کیلئے بری خبر سامنے آگئی، ڈیمو کریٹ ڈونرز نے انتخابی مہم کیلئے 90 ملین ڈالر کی فنڈنگ روک دی۔امریکی اخبار نے دعوی کیا ہے کہ ڈیموکریٹ سپرپیک نے مباحثے میں ناقص کارکردگی پر الیکشن فنڈنگ روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈیموکریٹ سپرپیک نے مطالبہ کیا ہے کہ صدر بائیڈن الیکشن سے دستبردار ہونے کا اعلان کریں، کانگریس میں ڈیموکریٹ پارلیمانی لیڈر حکیم جیفریز نے بھی صدر بائیڈن کی حمایت کرنے سے انکار کردیا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن سے حکیم جیفریز کی ملاقات ہوئی ہے، انہوں نے امریکی صدر کو ارکان کانگریس کا پیغام پہنچایا۔