سی ڈی اے ٹرانفسر فیس اضافہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر پر خودکش حملہ ہے،کاشف چودھری

ایسا ظالمانہ اور آمرانہ فیصلہ عوام، سرمایہ کاروں، بلڈرز اور ریئل اسٹیٹ مارکیٹ کے لیے موت کا پروانہ ہے
اضافہ وزیراعظم کے ہاؤسنگ سیکٹر میں ریلیف کے وژن سے بغاوت اورپارلیمنٹ میں پاس شدہ فنانس بل کی روح کے خلاف ہے

اسلام آباد(کامرس رپورٹر)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے سی ڈی اے کی جانب سے ٹرانسفر فیس میں غیر آئینی اور ظالمانہ اضافہ کو رئیل اسٹیٹ سیکٹر پر خود کش حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی ڈی اے کے بابووں ،وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی حکومت کے ہاوسنگ سیکٹر کے وژن کو سبوتاژ کرنے کے ایجنڈے پر گامزن ہیں ،سی ڈی اے کرپشن کا گڑھ اور سفید ہاتھی ہے عدالت بھی اسے ختم کرنے کے احکامات دے چکی ہے ایسے میں ٹرانسفر فیس میں غیر آئینی اور ظالمانہ اضافہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے
ایک بیان میں کاشف چوہدری نے کہا کہ سرکار ی اداروں کا کام عوام کےلئے آسانیاں پیدا کرنا اور ریلیف دینا ہوتا ہے لیکن سی ڈی اے نے عوام پر ظلم ڈھانے کی تمام حدیں پار کر دی ہے اور اسلام آباد کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر پر خود کش حملہ کر دیا ہے سی ڈی اے کی جانب سے ٹرانسفر فیس میں غیر آئینی اور ظالمانہ اضافہ کر دیا گیا ہےجو پہلے فیئر مارکیٹ ویلیو کا 1فیصد تھی اور اب بلاجواز 3فیصد کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے ٹرانسفر فیسس فی مربع گز لگتی تھی اور وہ صرف 250 روپے فی گز تھی۔ہم ٹرانسفر فیس ایک فیصد بھی نہیں مانتے بلکہ مطالبہ کرتے ہیں ٹرانسفر فیس کا سسٹم دوبارہ پرانی بنیاد فی مربع گزپر کیا جائے اور اسے 250 روپے فی گز سے بڑھا کر زیادہ سے زیادہ 500 روپے فی گز تک رکھا جائے انہوں نے سی ڈی اے کے ٹرانفسر فیس میں اضافہ کے ظالمانہ اقدام کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ یہ اضافہ صرف ایک فیس میں رد و بدل نہیں ہےبلکہ یہ نہ صرف وزیراعظم کے ہاؤسنگ سیکٹر میں ریلیف کے وژن سے بغاوت ہے بلکہ قومی اسمبلی میں پاس شدہ فنانس بل کی روح کے خلاف ہے.
ایسے ظالمانہ اور آمرانہ فیصلے عوام، سرمایہ کاروں، بلڈرز اور ریئل اسٹیٹ مارکیٹ کے لیے موت کا پروانہ ہے انہوں نے کہا ایک طرف 236K (ایڈوانس ٹیکس) اور اسٹامپ ڈیوٹی 4فیصد سے 1فیصد پر لائی گئی تاکہ عوام کو ریلیف دیا جا سکے لیکن دوسری طرف چیئرمین سی ڈی اے نے ٹرانسفر فیس 1فیصد سے 3فیصد کر کے پورا نظام ہی سبوتاژ کر دیاہم مطالبہ کرتے ہیں کہ چیئرمین سی ڈی اے فوری طور پر اسے معطل کرے اور ٹرانسفر فیس کو فی گز بنیاد پر واپس لایا جائے وزیراعظم ٹاسک فورس برائے ہاؤسنگ اس غیر قانونی اقدام کا سخت نوٹس لے اور اسلام آباد کے تمام ایم این ایز بھی اس ظالمانہ اقدام کو واپس کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اگر ایسا نہ ہوا تو ہم خود ان ظالمانہ اقدامات کو واپس کرانے کے لئے میدان میں ہونگے.