دوطرفہ سائنسی تعاون کے فروغ ، جدید تربیتی پروگراموں، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور تحقیق و تدریس پر اتفاق
اسلام آباد ÷ کوالالمپور:او آئی سی—کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے ملائیشیا کے نائب وزیراعظم، وائی اے بی داتو’ سری حاجی فداللہ حاجی یوسف سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان، ملائیشیا اور او آئی سی رکن ممالک کے درمیان سائنسی و تکنیکی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے حلال ریسرچ و ٹریننگ کے شعبے میں مشترکہ پروگراموں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں عالمی حلال معیارات، سرٹیفیکیشن، تکنیکی جدت اور حلال صنعت کی استعداد کار بڑھانے جیسے موضوعات پر خصوصی توجہ دی گئی۔
فریقین نے صحت کے شعبے میں استعداد کار بڑھانے کے لیے مشترکہ اقدامات، جدید تربیتی پروگراموں، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور تحقیق و تدریس کے اداروں کے مابین مضبوط روابط قائم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملائیشیا کے اعلیٰ طبی و بائیوٹیکنالوجی ڈھانچے کو او آئی سی رکن ممالک کے لیے ایک موثر ماڈل قرار دیا گیا۔گفتگو میں ماحولیاتی پائیداری اور موسمیاتی لچک سے متعلق مشترکہ منصوبوں کا بھی خاص طور پر ذکر کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ او آئی سی ممالک کو درپیش موسمیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے سائنسی بنیادوں پر مربوط حکمتِ عملی کی فوری ضرورت ہے۔
ملائیشین نائب وزیراعظم نے سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں مسلم دنیا کے تعاون کے فروغ کے لیے کامسٹیک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا مستقبل میں بھی اس شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے بھی ملائیشیا کے مضبوط علمی و تحقیقی کردار کو سراہتے ہوئے اسے کامسٹیک کا اہم شراکت دار قرار دیا۔
ملاقات مثبت انداز میں اختتام پذیر ہوئی، اور دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پروگراموں میں تیزی لاتے ہوئے نئے شعبوں میں تعاون کی تلاش جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔



