حادثہ امریکی ریاست ورجینیا میں پیش آیاان کی گاڑی نے اچانک آگ پکڑ لی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں
اسلام آباد:پاک فضائیہ اور پاکستان کرکٹ بور ڈ کے سابق سربراہ ائر مارشل نور خان کی بیٹی امریکا کی ریاست ورجینیا میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میںجان کی بازی ہار گئی ہیں۔ امریکی میڈیا اور پولیس کے مطابق حادثہ ڈینوڈی کائونٹی میں پیش آیا جہاں ڈاکٹر فائقہ قریشی کی کار اچانک ٹکرانے کے بعد آگ پکڑ گئی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہو گئیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
ڈاکٹر فائقہ قریشی نے 1993 میں بچوں کے اسپتال "دی کنگز ڈاٹر میں بچوں کی دیکھ بھال کے شعبے میں بطور فزیشن خدمات کا آغاز کیا اور بعد ازاں ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کی میڈیکل ڈائریکٹر کے طور پر بھی اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔
اسپتال حکام نے کہا کہ ڈاکٹر فائقہ کا بچوں اور خاندانوں کے ساتھ لگائو اور نوجوان ڈاکٹروں کی تربیت پر گہرا اثر رہا۔
اسی طرح، کنگز ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر فائقہ کی وفات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ یونیورسٹی نے کہا کہ ڈاکٹر فائقہ یہاں کی ہونہار طالبہ رہیں، 1973 میں گریجویٹ ہوئیں اور بعد میں یونیورسٹی میں بطور استاد بھی خدمات انجام دیتی رہیں۔
ائر مارشل نور خان کا تعلق پنجاب کے شہر تلہ گنگ سے ہے ۔ڈاکٹر فائقہ کے بھائی منصور خان پنجاب بنک کے سربراہ بھی رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔



