نیب مصطفیٰ کمال سے بھی تحقیقات کرے گا ،ریفرنس سماعت کے لئے منظور

پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ اور سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال سے بھی حساب لیا جائے گا، احتساب عدالت نے سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے معاملے پر مصطفی کمال اور دیگر کیخلاف ریفرنس سماعت کیلئے منظور کرلیا۔

کراچی میں ساحل کی قیمتی اراضی کی معمولی قیمت پر غیرقانونی الاٹمنٹ کے الزام میں نیب نے احتساب عدالت میں پاک سرزمین پارٹی چیئرمین مصطفیٰ کمال، زین ملک، حسنین مرزا، افتخار قائمخانی کیخلاف ریفرنس دائر کیا۔

ریفرنس میں بتایا گیا ہے کہ زمین 1980ء میں ہاکرز اور دکانداروں کو لیز پر دی گئی تھی، ملزمان نے ہاکرز کیلئے مختص 4 ہزار مربع گز زمین 2005ء میں الاٹ کی۔

نیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ زمین 2014ء میں بحریہ ٹاؤن کو سستے داموں ٹرانسفر کردی گئی جبکہ سوا 2 ارب روپے کی زمین کی قیمت 26 کروڑ روپے لگائی گئی۔

نیب کا مؤقف ہے کہ سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال نے بلڈر کو کثیرالمنزلہ عمارت تعمیر کرنے کی غیرقانونی اجازت بھی دی، عدالت نے ریفرنس سماعت کیلئے منظور کرلیا۔