اسلام آباد … وزیر مملکت برائے انسانی حقوق بیرسٹر عثمان ابراہیم سے چائلڈ رائٹس موومنٹ کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں شامل مختلف اضلاع ضلع چنیوٹ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد سے غیر سرکاری تنظیموں کے 25 اراکین تھے۔ منگل کو وزیر مملکت سے ملاقات کے دوران بچوں کے حقوق اور انسانی حقوق کی حفاظت اور فروغ دینے کےلئے سرکاری اداروں کو معاونت فراہم کرنے کے متعلق بات کی گئی۔ سی آر ایم سول سوسائٹی گروپوں کا اتحاد ہے۔ سی آر ایم نے پارلیمنٹ سے بچوں کے حقوق پر قومی کمیشن بل 2017ءکی منظوری پر وزارت انسانی حقوق کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے حکومت کی کوششوں، حکومت کی قانون سازی، اس کو نافذ کرنے اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں وزارت انسانی حقوق کی تعریف کی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ وزارت انسانی حقوق کے ساتھ تعاون کر سکتے ہیں۔ انہوں نے چائلڈ لیبر کے معاملہ پر بحث کی، خاص طور پر فیصل آباد ڈویژن کے حوالے سے، وہ بچوں کے لئے تعلیم کو یقینی بنانے کی تجویز کے ساتھ آئے اور انہوں نے زور دیا کہ انسانی حقوق کے تصورات، معیارات اور اقدار نصاب کا حصہ بنیں۔ اس سلسلہ میں ڈائریکٹر جنرل (ایچ آر) محمد ارشد نے وفد کو آگاہ کیا۔



