نجی تعلیمی اداروں کو سمر کیمپ لگانے کی اجازت مل گئی

سمر کیمپس8 جون سے 8 جولائی تک جاری رہیں گے، اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی،نوٹیفکیشن
کلاسز پیر سے جمعرات تک صبح 7 سے 10 بجے تک منعقد ہوں گی.جمعہ کے روز تعطیل ہوگی
پیرا کے فیصلے سے تعلیمی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رہے گااور نصاب کی تکمیل میں بھی مدد ملے گی ابرارحسین

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) نے وفاقی دارالحکومت میں قائم نجی اسکولوں اور کالجوں کو موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران سمر کیمپس کے انعقاد کی اجازت دے دی ہے۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سمر کیمپس 8 جون 2026 سے 8 جولائی 2026 تک منعقد کیے جا سکیں گے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سمر کیمپس صرف پیر سے جمعرات تک جاری رہیں گے جبکہ جمعہ کے روز تعطیل ہوگی۔ سمر کیمپس میں تمام جماعتوں کے طلبہ شرکت کر سکیں گے اور کلاسز صبح 7 بجے سے 10 بجے تک منعقد ہوں گی۔
پیرا کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ سمر کیمپس کے لیے طلبہ سے کسی قسم کی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ تمام سرگرمیاں کلاس رومز یا عمارت کے اندر منعقد کی جائیں گی ۔نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو صاف پانی، صفائی ستھرائی، پنکھوں، مناسب نشستوں، بجلی کی دستیابی اور لوڈشیڈنگ کی صورت میں متبادل انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سمر کیمپس میں شرکت کرنے والے طلبہ کو یونیفارم پہننے سے استثنا حاصل ہوگا۔پیرا نے تمام نجی تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جاری کردہ شرائط و ضوابط پر مکمل طور پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
دریں اثنا، آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے سمر کیمپس کی اجازت دینے کے فیصلے پر چیئرمین پیرا ڈاکٹر غلام علی ملاح کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ نجی تعلیمی اداروں، طلبہ اور والدین کے لیے نہایت مفید ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سمر کیمپس کے انعقاد سے طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی، نصاب کی بروقت تکمیل میں مدد ملے گی اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔ ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے اس اہم اور بروقت فیصلے پر چیئرمین پیرا ڈاکٹر غلام علی ملاح اور اتھارٹی کے دیگر ذمہ داران کا بھی شکریہ ادا کیا۔